بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے ، مزاحمتی قیادت ایک طویل المدتی احتجاجی پروگرام ترتیب دے گی، میر واعظ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے جد وجہد آزادی میں کشمیریوں کی قربانیوںکو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے مشترکہ مزاحمتی قیادت ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک طویل المدتی احتجاجی پروگرام ترتیب دے گی جو انشااللہ کامیابی پر منتج ہو گا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک دینی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 1931سے اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اسوقت یہ جدوجہد پانچویں نسل میں منتقل ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم کو اب ایک طویل المدتی تحریک کے لیے تیار رہنماہو گاکیونکہ یہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بیش بہا قربانیوں اور تحریک آزادی کی حفاظت کیلئے مشترکہ قیادت کے پروگرام کو کامیاب بنائے۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ بھارتی حکومت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیری نوجوانوںکو تشدد کے راستے پر دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے دبانے کے لیے ہر غیر انسانی ، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیا جا رہاہے لیکن اسکے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر بھارت کے خلاف آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مجلس میں حریت رہنمامولانا عباس انصاری، پیر سیف اللہ اور شیخ عبدالرشید بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :