روس شامی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے،یورپی یونین خارجہ امور

شام میں خونریزی روکنے کی کوشش کی جائے،میئر حلب کی یورپی یونین کی سمٹ میں اپیل

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:15

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ادھر حلب کے میئر نے یورپی یونین کی سمٹ میں اپیل کی ہے کہ شام میں جاری ’خونریزی‘ کو روکنے کی کوشش کی جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس سے خطاب میں یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریرکا موگرینی نے کہا کہ یورپی یونین کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ شام میں قیام امن کو ممکن بنانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کی خاطر وہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے روس سے کھلے عام مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں تشدد کے خاتمے اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔موگرینی نے شام کی موجودہ صورتحال میں بالخصوص حلب کے شہریوں کے حالات کو ‘ناقابل قبول‘ قرار دیا ،یورپی یونین کے رہنماؤں کی ایک سمٹ میں تمام رکن ممالک نے شام میں قیام امن پر زور دیا۔اس سمٹ میں حلب کے میئر بریٹا حاجی حسن بھی شامل ہوئے، جنہوں نے کہا کہ حلب میں خونریزی کا سلسلہ روکنے کی خاطر یورپی یونین اپنا کردار ادا کرے۔ جولائی میں ایک حملے میں زخمی ہو جانے کے بعد سے حسن شام سے باہر ہی سکونت پذیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :