حلب کے پناہ گزینوں کے لیے دروازے کھول دیئے ،ترک صدر

حلب میں انخلاء کے معاہدے کا احترام یقینی بنایا جائے، ایردوآن کی ٹوئیٹس

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:12

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے شام کے جنگ زدہ علاقے حلب میں محصورین، باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کے محفوظ مقامات کی طرف انخلاء کے حوالے سے طے پائے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ترکی حلب کے پناہ گزینوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق ترک صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ‘ٹویٹر‘ پر اپنی متعدد ٹویٹس میں کہا کہ مشرقی حلب کی کالونیوں میں محصور شامی شہریوں کے انخلاء کے لیے فریقین میں جو معاہدہ طے پایا ہے اس کی پاسداری اور احترام تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے اور جنگ بندی معاہدے کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے۔ترک صدر کاکہنا تھا کہ حلب میں شہریوں کے اںخلاء کا معاہدہ اور جنگ بندی اس لیے کی گئی تاکہ وہاں پر پھنسے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔