حلب اور پشاور میں بچوں کے قاتلوں کا کسی مذہب اور مسلک سے تعلق نہیں ،اقوام متحدہ ،اسلامی سربراہی کانفرنس شام میں ہونے والے مظالم پر فوری ایکشن لے ،عرب اور اسلامی ممالک میں مداخلتوں کو روکنے کیلئے عالمی اسلامی عسکری اتحاد کو عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ، پاکستانی قوم شام کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں

علماء ،خطباء اور آئمہ کا پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یو م یکجہتی مظلومین شام‘‘ کے موقع پر خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) علماء ،خطباء اور آئمہ نے کہاہے کہ حلب اور پشاور میں بچوں کے قاتلوں کا کسی مذہب اور مسلک سے تعلق نہیں ہے۔اقوام متحدہ ،اسلامی سربراہی کانفرنس شام میں ہونے والے مظالم پر فوری ایکشن لے ،عرب اور اسلامی ممالک میں مداخلتوں کو روکنے کیلئے عالمی اسلامی عسکری اتحاد کو عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ، پاکستانی قوم شام کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں ۔

وہ جمعہ کو پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یو م یکجہتی مظلومین شام‘‘ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اسلام آباد میں ’’ندائے حلب کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام کی عوام پر ہونے والے مظالم پر عالمی دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شام کے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ۔

حلب میں بچوں،عورتوں ،ضعیفوں کا قتل عام کیا جارہا ہے جس پر پاکستان،سعودی عرب ،ترکی اور قطر کو فوری طور پر اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے قتل عام پر خاموش نہیں رہ سکتے۔پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں شام ،عراق کی عوام پر ہونے والے مظالم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ روس ،ایران کو شام کی عوام کے جذبات کا خیال کرنا ہوگا۔

شام کی عوام پر ایک قاتل اور ڈکٹیٹر کو مسلط کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حلب کے بعد یمن اور بحرین میں مداخلت کی کوشش دنیا کو جہنم بنادے گی۔ روس ،ایران اور ان کے حواریوں کو اس قسم کے کسی بھی اقدام سے باز رہنا چاہئے۔ اس موقع پر مولانا عبد الصبور ،مولانا عبد الحمید صابری ،مولانا طاہر عقیل ،مولانا اشفاق پتافی نے بھی خطاب کیا ۔

دریں اثناء لاہور ،فیصل آباد ،ملتان ،راولپنڈی،کراچی،پشاور ،مردان ،گوجرانوالہ،حیدر آباد ،کوئٹہ،میر پور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں حلب کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا اسد اللہ فاروق،حافظ محمد امجد،علامہ شبیر احمد عثمانی،مولانا انوار الحق مجاہد،مولانا اسعد زکریا،مفتی وحید احمد سواتی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم حلب کے مظلوموں کے ساتھ ہے۔

فرقہ وارانہ بنیادوں پر عرب ممالک میں بغاوتیں پیدا کی جارہی ہیں ۔شام کے بعد بحرین اور یمن پر حملوں کی دھمکیاں در اصل ارض حرمین الشریفین کے امن سے کھیلنے کی سازش کا حصہ ہیں۔ مسلم امہ ارض حرمین الشریفین کے دفاع ،سلامتی اور استحکام کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلب اور پشاور سکول میں بچوں پر حملے کرنے دہشت گرد اور انسانیت کے دشمن ہیں ۔ ان قاتلوں اور سفاکوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقررین نے کہا کہ شام کے مسلمانوں کا معاملہ فرقہ وارانہ نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کا ہے اور مسلم امہ کو مظلوموں کے ساتھ کھڑاہونا ہوگا۔