گریٹر اقبال پارک کی سکیورٹی کا ٹھیکہ کرپشن کا مینار ہے،عوامی تحریک پنجاب

پی ایچ اے نے اڑھائی کروڑ روپے سالانہ میں ٹھیکہ من پسند فرم کو دیا،بشارت جسپال

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک کی سکیورٹی کا ٹھیکہ کرپشن کا مینار ہے اسے عدالت میں چیلنج کریں گے۔ پی ایچ اے نے پارک کی سکیورٹی کیلئے 48 ملازمین اور افسران بھرتی کیے جنہیں ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔بشارت جسپال نے کہا کہ پی ایچ اے نے من پسند فرم کو اڑھائی کروڑ روپے سالانہ کا ٹھیکہ دیا جو بلاجواز اور بلاٹینڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس معاملہ کو پنجاب اسمبلی میں اٹھائے اور ذمہ داروں کو بے نقاب کرے۔گزشتہ روز انہوں نے ایک اجلاس میں کہا کہ ہم پی ایچ اے کی اس لوٹ مار اور خزانے پر شب خون کے خلاف عدالت جائیں گے۔ پی ایچ اے کو بتانا ہو گا کہ سکیورٹی کے نام پر اڑھائی کروڑ روپے سالانہ کے اخراجات کی تفصیل کیا ہے اور پی ایچ اے نے جو ملازمین کی فوج ظفر موج بھرتی کررکھی ہے وہ کس مرض کی دوا ہی سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری اور صدر لاہور افضل گجر نے کہا کہ پی ایچ اے کو پیچھے بیٹھ کر کون کنٹرول کررہا ہے لاہور کا بچہ بچہ جانتا ہے۔

(جاری ہے)

اداروں کو نچوڑا جارہا ہے۔پنجاب پولیس ہر سال 100 ارب روپے کا بجٹ لیتی ہے کیا آئی جی پنجاب لاہور کے ایک پارک کی حفاظت بھی نہیں کر سکتی انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ جمہوریت کے خلاف چیلنجز سے نمٹنے کا عزم کرنے کے ساتھ ساتھ حکمرانوں کی کرپشن اور سرکاری اداروں کی لوٹ مار سے آئین و قانون کے مطابق نمٹنے کا عزم کریںقوم ان کا ساتھ دے گی۔ حکمرانوں کی کرپشن کے ثبوت سڑکوں، پلوں، پارکوں اور چھوٹے بڑے ترقیاتی کاموں کی صورت میں گلی گلی اور بازار بازار بکھرے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں علم ہے کہ عدل کی زنجیر ہلانے سے کیا جواب آئے گاتاہم پھر بھی اتمام حجت کے طور پر کرپشن کے واقعات کو ریکارڈ پر لاتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :