جنوبی پنجاب میں تاجر برادری کیلئے جنگلا ت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں، طاہر رشید

جمعہ 16 دسمبر 2016 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) جنگلات پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس وقت جنگلات کا شعبہ میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں لہذا تاجر برادری کو چائیے کہ وہ ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کے لئے جنگلات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے ۔ ان خیالات کااظہار کاساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر رشید نے آئی سی سی آئی میں -" جنوبی پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع -" کے موضوع پر منعقدہ سیمنارسے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کے تعاون سے کیا تا کہ تاجر برادری کو جنوبی پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

طاہر رشید نے کہا کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی 2015کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مجموعی رقبہ کے صرف 1.9 فیصد حصہ پر جنگلات پائے جاتے ہیں جبکہ 1990 تا 2015 کے دوران پاکستان میں جنگلات میں 2.1 فیصدکی شرح سے کمی واقع ہوئی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے انہوںنے کہا کہ اگر اگلے 50 سالوں کے دوران پاکستان میں جنگلات میں کمی کا یہی رجحان برقرار رہا ہمارے ملک میں کوئی جنگل نہیں رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ ملک میں لکڑی کی طلب بڑھتی جارہی ہے جس وجہ سے اس شعبے میں سرما کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ جنگلات میں سرمایہ کاری دوسرے شعبوں کی نسبت زیادہ منافع بخش ہے اور اس میں نقصان کے بہت کم امکانات ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی نے جنوبی پنجاب کو جنوبی پنجاب کے 6 اظلاع میں 134,995 ایکڑ رقبہ جنگلات کی کاشت کیلئے دیا گیا ہے جس میں بہاول پور، بہاول نگر، رحیم یارخان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ کے اضلاع شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں جنگلات میں سرمایہ کاری سے لکڑی بطور ایندھن ، چارہ ، فائیبر، پلائی ووڈ، پیپر، پلپ سمیت جنگلات سے وابستہ صنعت کی ضروریات آسانی سے پوری ہوں گی بلکہ اس سے ملک کے قیمتی زر مبادلہ کی بھی بچت ہو گی جبکہ گرین سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں روزگارکے بہت سے نئے مواقع پیدا ہونگے انہوںنے کہا کہ ان علاقوں میں سرمایہ کاروں کو تجاوزات سے پاک زمیں مہیا کی جائیگی اور وہ جنگلات کی 6 تا 8 اقسام میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

انہوںنے یقین دلایا کہ ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی سرمایہ کاروں کو تکنیکی معاونت سمیت دیگر معاملات میں معاونت فراہم کرے گی اور ماحولیاتی مسائل حل کرنے کے لئے تمام اہم سیٹک ہولڈرز سے مکمل تعاون کرے گی۔اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنگلات کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی تشکیل دے کر اہم قابل تعریف فیصلہ کیا ہے اور امید ظاہر کہ مذکورہ کمپنی کی کاوشوں سے جنوبی پنجاب میں جنگلات کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوںنے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنگلات کے فروغ کیلئے ساؤتھ پنجاب فاریسٹ کمپنی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تا کہ جنوبی پنجاب میں جنگلات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے اور دیہی علاقوں سے غربت و بے روزگاری کم ہو۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی حفاظت کے لئے خصوصی سیکورٹی فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس طرح جنگلات میں سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لئے بھی خصوصی سیکورٹی فورس تشکیل دی جائے تاکہ ملک میں جنگلات کو فروغ دیا جا سکے۔

سیمنار کے انعقاد کا مقصد آئی سی سی آئی کے ممبران سے ان کی بہترین تجاویز اور آراء حاصل کر کے انہیں آئیندہ کی فیزیبلٹی سٹڈی میں شامل کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :