وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نکیال سیکٹر میں بھارتی افواج کی جانب سے سکول وین کو نشانہ بنانے کی مذمت

وین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار، زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا سکول وین کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے، واقعہ سے بھارت کے جارحانہ عزائم بے نقاب ہوگئے ہیں‘وزیراعلیٰ

جمعہ 16 دسمبر 2016 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر میں بھارتی افواج کی جانب سے سکول وین کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے وین ڈرائیورکے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بچوں کی سکول وین کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ سے بھارت کا بربریت کا مکروہ چہرہ آشکار ہوا ہے اور خطے میں بھارتی جارحانہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاک افواج وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے۔