صوبائی حکومت کے تمام محکمے صحیح سمت میں گامزن ہیں، سیاحت، خوراک، توانائی اور دیگر تمام شعبے وقت حاضر کے چیلنجز نمٹنے کیلئے تیار ہیں ،محکمہ خوراک نے دور دراز کے اضلاع میں وافر مقدار مین گندم کی سٹوریج کو یقینی بنا لیا ہے،توانائی کے شعبے میں کئی منصوبوں کی فزیبلٹی پر بھی کام کیا جا رہا ہے

صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن کا بیان

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:47

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تمام محکمے صحیح سمت میں گامزن ہیں، سیاحت، خوراک، توانائی اور دیگر تمام شعبے وقت حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے تیار ہیں اور بہترین طور پر کام کر رہے ہیں ۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موسم سرما ء میں رابطہ سڑکوں کی بندش کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ خوراک نے دور دراز کے اضلاع میں وافر مقدار مین گندم کی سٹوریج کو یقینی بنا لیا ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے ۔

توانائی کے شعبے میں کئی منصوبوں کی فزیبلٹی پر بھی کام کیا جا رہا ہے او ر آنے والے سال جون کے مہینے میں تک عطاء آباد پر بنائے جانے والے پاور پراجیکٹ کی فیزیبلٹی بھی تیار ہو رہی ہے، گزشتہ حکومتوں نے اپنے دور حکومت میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیئے کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ سیاحت اور سی پیک کی بناء پر اہمیت کے حامل ہنزہ میں بجلی کے بحران پر حکومت کو بھی تشویش ہے اور وہاں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی، مرمت کے لیئے چین بھجوائے گئے تھرمل جنریٹرز جلد واپس منگوانے کے لیئے بھی کوشش کی جا رہی ہے۔

سیاحت کا شعبہ صوبے کا ریونیو بڑھانے میں انتہائی مددگار ہے اس سلسلے میں حکومت کوشش کر رہی ہے کہ سرکاری وسائل کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی آگے بڑھ کر کام کریں۔ محکمہ سیاحت نئے سیاحتی سیزن کے لیئے واضح اور جامع حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے ، آنے والے سالوں میں سیاحوں کو اس خطے کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنے کے لیئے محکمہ سیاحت نے انفارمیشن سینٹرز اور شاہراہوں پر سیاحوں کے سستانے اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیئے حکمت عملی مرتب کی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور ترکی اپنی قومی آمدنی کا ایک بڑا حصہ سیاحت سے وابستہ سرگرمیوں سے حاصل کرتے ہیں، ہماری صوبائی حکومت کی بھی کوشش ہے کہ سیاحوں کے لیئے پر کشش اور مددگار پالیسیاں مرتب کی جائیں اور دنیا بھر سے لوگ گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر حسین علاقوں کا رخ کریں۔

متعلقہ عنوان :