براؤن چاکلیٹ دماغی صحت کو بہتر کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے‘ ماہرین

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ براؤن چاکلیٹ دماغی صحت کو بہتر کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے ۔ بر طانوی یونیورسٹی ٓایسٹ انجلیا کے ماہرین کی جانب سے جاری کردہ جدید تحقیق کے مطابق براؤن چاکلیٹ جسم کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے، یہ انسانی جسم کی قوت مدافعت پیدا کرنے والے عناصر کو مضبوط کرتی ہے، چاکلیٹ میں پایاجانے والاکوکا، پوٹاشیم، ائرن، زنک اور میگنیشیم دماغی صحت کو بہتر کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

براؤن چاکلیٹ کی سب سے اہم اور صحت کے لیے مفید خوبی یہ ہے یہ نقصان پہنچانے والے کولیسٹرول کو کم کرنے کے ساتھ مفید کولیسٹرول کو بڑھاتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق تھوڑی سے ورزش اور اچھی غذا کے ساتھ براؤن چاکلیٹ کھانے سے جسم کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کم ہوتا ہے اور صحت مند کولیسٹرول بڑھتا ہے۔

(جاری ہے)

براؤن چاکلیٹ کی دوسری اہم خوبی یہ ہے کہ اس سے بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں مدد ملتی ہے، جسم میں موجود ’ پولی فینول ‘ کو بڑھاتا ہے، جو خون میں موجود آکسیجن کی روانی کوبڑھا دیتا ہے، چاکلیٹ کھانے سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے کیونکہ براون چاکلیٹ دماغ میں ’ سیروٹونین ‘ پیدا کرتا ہے، جس سے انسان کے اندر تازگی کا احساس پیدا ہوتا ہے اور انسان ذہنی دباؤ سے آزاد ہوجاتا ہے۔

ماہرین کا مذید کہنا ہے کہ براؤن چاکلیٹ دل کی بیماریوں سے بچنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، اسے کھانے سے دل میں دوران خون بڑھ جاتا ہے اورشریانوں کو سخت ہونے نہیں دیتا۔