موجودہ حکومت کی کامیابیاں وفاقی وزیر داخلہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، طلال چوہدری

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیابیاں وفاقی وزیر داخلہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، عمران خان اینڈ کمپنی کو چاہیے کہ آنکھیں کھول کر سیاست کریں اور اپنے دماغ سے سوچیں کہ کسی بھی وزیر کے کسی ایک واقعے سے اس وزیر یا حکومت کی کارکردگی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، ہو سکتا ہے کسی ایک واقعے میں کوتاہی ہو لیکن وزارت کی پوری کارکردگی کو دیکھ کر کوئی اندازہ لگانا چاہیے اور دیکھنے کی بات یہ ہے کہ گزشتہ ساڑھے تین سال میں اسی وزارت داخلہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور حکومت کی کارکردگی یہ ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد تک کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رپورٹ ہمارے سر آنکھوں پر ہے کیونکہ ہم اداروں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں، رکن قومی اسمبلی کاکہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک صاف گو انسان ہیں جو سیدھی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابیاں وفاقی وزیر داخلہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وزیر داخلہ کے خلاف سازشیں یہ پرانی بات ہے اور کچھ لوگ کسی نہ کسی بہانے سے ان کے خلاف بات کرتے ہی رہتے ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ اگر بات کرنی ہی ہے تو ان کی کارکردگی پر کریں شخصیت کو نشانہ نہ بنائیں۔

متعلقہ عنوان :