الیکشن کمیشن نے پنجاب میں مقامی حکومتوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین اور میئرز و ڈپٹی میئرز کی نشستوں پر انتخابات کیلئے ضروری ہدایات جاری کردیں

دسمبر کو پولنگ سٹیشنوں کے احاطے میں موبائل رکھنے پر مکمل پابندی ہوگی، کسی غیر متعلقہ فرد، ایم این اے یا ایم پی اے کو پولنگ سٹیشنوں کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین اور میئرز و ڈپٹی میئرز کی نشستوں پر انتخابات کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کردیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 22 دسمبر کو پولنگ سٹیشنوں کے احاطے میں موبائل رکھنے پر مکمل پابندی ہوگی، اس سلسلے میں متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پولنگ کے روز ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانا بھی متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کی ذمہ داری ہو گی، کسی غیر متعلقہ فرد، ایم این اے یا ایم پی اے کو پولنگ سٹیشنوں کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران پولنگ سے کم از کم ایک روز قبل سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی سختی سے نگرانی کی جائے گی اور کسی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ آر او اس کی اطلاع فوری طور پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو کرے گا۔