نبی ؐ کی سیرت ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، ، آپ ؐ کی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیااور آخرت کی میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ، موجودہ دورحکومت میں ہونے والی معاشی ترقی کے عالمی مالیاتی ادارے بھی معترف ہیں، پالیسیوں کا تسلسل جاری رہا تو 2022تک پاکستان چین کے بعد خطے کی سب سے بڑی معاشی قوت ہو گا

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا محفل میلاد اور اجتماع سے خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:16

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ نبی ؐ کا اسو ہ حسنہ عدل و انصاف ،سچائی بقائے باہمی ،انسانیت سے ہمدردی ،صبر و برداشت اور امن و محبت کی بہتر ین مثال ہے اور آپ ؐ کی سیرت ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ، آپ ؐ کی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیااور آخرت کی میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ۔

وہ جمعہ کو مسجد اقصیٰ اسلام آباد میں محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے ۔ محفل میلاد میں وزیر مذہی امور سردار محمد یوسف کے علاوہ علماہ اکرام معروف نعت خوانوں اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آپ ؐ کی آمد ساری کائنات کے لیے باعث رحمت اور آپ ؐ کی سیر ت انسانیت کے لیے رشد وہدایت کا سر چشمہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نبی ؐ کی سنت پر عمل کرکے ہم اپنی تمام مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ ؐ نے اپنے اوصاف کاملہ اور اعلی کردار کے ذریعے لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں ایک انقلاب بر پا کر کے انسانیت کو جہالیت کی اتھاہ تاریکیوں اور شر ک کے اندھیروں سے نکال کرانسانیت کے اعلی درجوں پر فائز کیا۔قبل ازیں ڈپٹی سپیکرنے انجمن تحفظ تاجران مین مری روڈ بھارہ کہوکے سیکرٹری جنرل عبیدالرحمن عباسی کی پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر منعقد ہونے والے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجیح ہمیشہ عوامی خدمت اور ملکی ترقی رہی ہے اور الزام تراشی کے بجائے اصولوں پر مبنی مثبت اور صاف و شفاف سیاست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ملکی ترقی کے لیے پاکستان مسلم لیگ کی پالیسیوںسے خوش ہو کر اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور گزشتہ تین سالوں میں ملک میں تاریخ کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے موجودہ دور میں ہونے والی معاشی ترقی کے بین الااقوامی مالیاتی ادارے بھی معترف ہیں ۔

انہوں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہا تو 2022تک پاکستان چین کے بعد خطے کی سب سے بڑی معاشی قوت ہو گا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دے کر دھرنوں جلسوں، جلوسوں، ہنگامہ آرائی اور دوسروں پر بے بنیاد الزمات لگاکر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے اُن کی اس منفی سوچ کی حامل سیاست کو مسترد کر دیا ہے،۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی ورکروں نے ہمیشہ ملکی مفادات کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور اب بھی وہ ملکی مفادات کے خلاف کام کرنے والوں کا صفایا کریں گے۔ عوامی اجتماع میں وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری کے علاوہ ، ڈپٹی مئیر چوہدری رفعت ، اسلام آباد میٹرو پولیٹن کی متعدد یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئر مینوں کے علاوہ عمائدین علاقہ اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔