حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،سردار محمدجعفر خان لغاری

جمعہ 16 دسمبر 2016 18:29

راجن پور۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء)ممبر قومی اسمبلی سردار محمدجعفر خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت ہر بحران سے نمٹنا جانتی ہے‘ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں‘ راجن پور میں مسلم لیگ (ن) رہنمائوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ عام انتخابات سال2018ء میں ہوں گے۔ ضلع کونسل راجن پور کیلئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین سردار جگن خان دریشک اور وائس چیئرمین مرزاشہزاد ہمایوں کی مکمل سپورٹ کریں گے۔

لیگی حکومت ضلع راجن پور کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے مثبت پالیسیاں مرتب کررہی ہے۔ مسلم لیگ ن ضلع راجن پور میں متحد ہے اور دھڑے بندی کی افواہیں جھوٹ کا پلندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں بردران کی بہتر سیاسی حکمت عملی کی وجہ سے ملک عالمی سطح پر مستحکم ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں بھی مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوں گے۔ پانامہ لیکس کا راگ الاپنے والے جلد انجام کو پہنچ جائیں گے۔ سردار محمدجعفر خان لغاری نے کہا کہ کوٹ مٹھن میں بے نظیر برج پل اور جنوبی پنجاب کے صحت افزاء مقام فورٹ منرو میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے اضلاع ڈی جی خان اور راجن پور میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔اس موقع پر سابق ایم این اے مینا احسان لغاری بھی موجود تھیں۔