سانحہ پشاور کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، منور حسین

جمعہ 16 دسمبر 2016 18:29

سیالکوٹ۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہداء نے اپنے خون سے ملک وطن سے محبت کی ایسی داستان رقم کی ہے جسے قوم کبھی فراموش نہیںکرے گی ‘ 16دسمبر کے دن ہمیں سبز ہلالی پرچم سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

یہ بات ای ڈی او انفارمیشن سیالکوٹ منور حسین، چیئرمین ضلعی این جی او کونسل اشفاق نذر اور ڈی ڈی او سوشل ویلفیئر شریف گھمن کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ ڈی او انفارمیشن سیالکوٹ منور حسین نے کہاکہ معاشرے میںامن و امان کی خوشگوار فضا کو برقرار رکھنے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام شہریوں کو اپنا قومی و اخلاقی فریضہ ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنا صرف افواج پاکستان یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ جب تک پاکستان کے محب الوطن شہری نیشنل ایکشن پلان کے تحت تجویز کردہ ہدایات پر عمل نہیں کریں گے تب تک دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مطلوبہ اہداف کو حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے لواحقین کے زخم بھی تک نہیں بھرے ۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ چیئرمین ضلعی این جی او کونسل اشفاق نذرگھمن نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی قوم نے ہزاروں کی تعداد میں جانوں کے نذارنے دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز سے دہشت گردی اور انتہا پسندی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے رویوں میں نرمی اور شائستگی لانی ہوگی اور معاشرے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ ڈی ڈی او سوشل ویلفیئر شریف گھمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرتی ناہمواروں اور ناانصافیوں کے خاتمہ کے بغیر ملک و قوم در پیش چیلنجز سے نمٹ نہیں سکتی ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں انصاف کے بول بالا سے ہی غربت ، افلاس اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہے ۔ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :