کرپشن کا الزام لگانیوالوں کی سیاست ختم ہونیوالی ہے،پرویز ملک

مخالفین انتشار کی سیاست کے ذریعے ساری زندگی اقتدار میں نہیں آسکیں گے،عمران نذیر

جمعہ 16 دسمبر 2016 18:27

لاہور۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ ن لیگ کرپشن کے خلاف سب سے بڑی تحریک ہے،لیگی قیادت پر کرپشن کا الزام لگانے والوں کی سیاست ختم ہونے والی ہے،پاکستان کا مستقبل روشن ہے،حکومت کی بہترین حکمت عملی سے دہشت گردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے،ضرب عضب آپریشن کامیابیوں کی منزلیں طے کررہا ہے،پاکستان کو پوری رفتار سے آگے بڑھا رہے ہیں ،پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن اور بلند ترین سطح پرہے،بہت جلد دھرنے والوں کو ایک اور دھچکا لگنے والاہے، غیروں کے ایجنٹ ایک مرتبہ پھر ملک ترقی میں رکاوٹ بننے کیلئے متحرک ہو رہے ہیں لیکن اب کامیاب نہیں ہوں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزلاہور پارٹی کے مرکزی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاہور کے لارڈ میئرکرنل (ر) مبشر جاوید، چوہدری شہباز، رمضان صدیق بھٹی ، سید توصیف شاہ اورعامر خان سمیت دیگر بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مخالفین غیروں کے ایجنڈے اور انتشار کی سیاست کے ذریعے ساری زندگی اقتدار میں نہیں آسکیں گے، خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کیلئے دھرنے دیں یا ریلیاں نکالیں یا عدالت کے احاطہ میں سیاسی میدان لگانے کی کوشش کریں آئندہ جنرل انتخابات میں ان کا منفی سیاست کی وجہ سے کوئی کردار نظر نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ عوام ملکی ترقی کی خاطر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج مسترد کرچکے ہیں ، اب کنٹینر کی سیاست چلے گی اور نہ ہی انتشار کی سیاست کوعوامی پذیرائی حاصل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :