تیسرا انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، افغانستان نے پاکستان کو 21 رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی، شفیق کی نصف سنچری ناکافی ثابت، درویش رسولی 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 16 دسمبر 2016 17:59

تیسرا انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، افغانستان نے پاکستان کو 21 رنز ..
کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) تیسرے انڈر 19 ایشیا کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان نے پاکستان کو 21 رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی، پاکستانی ٹیم 273 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 49.1 اوورز میں 252 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، شفیق کی نصف سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، درویش رسولی نے ناقابل شکست 92 جبکہ طارق نے 59 اور ابراہیم زدران نے 51 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

درویش رسولی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان ناصرنواز نے ٹاس جیت کر پہلے افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے، درویش رسولی 92 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، طارق 59 اور ابراہیم زدران 51 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، محمدحسنین نے دو وکٹیں لیں، جواب میں پاکستانی انڈر 19 ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 252 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عبداللہ شفیق 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین شاہ آفریدی اور سعدخان 48، 48رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ظاہرخان نے 3 اور مجیب نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔