برسبین ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کا ناقص کھیل،8وکٹوں پر 97رنز بنالیے

جمعہ 16 دسمبر 2016 15:36

برسبین ٹیسٹ: پاکستانی بلے بازوں کا ناقص کھیل،8وکٹوں پر 97رنز بنالیے

برسبین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16دسمبر۔2016ء )پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے اور واحد ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 429رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان نے دن کے اختتام پر 8وکٹیں کھو کر 97رنز بنا لیے ۔برسبین کرکٹ گراؤنڈ ،وولن گابا میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز سٹیو سمتھ اور ہینڈ سکومب نے اننگز شروع کی ، سمتھ 130رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میڈیسن بھی 1رن بنا کر عامر کا شکار بن گئے ، میتھیو ویڈ بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 7رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے، مچل سٹارک بھی 10رنز بنا کر عامر کی گیند پر پوویلین لوٹے ، پیٹر ہینڈ سکومب اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے کے بعد 105رنز سکور کرکے بولڈ ہوئے ، جوش ہیزل ووڈ 8رنز بنا کر عامر کا چوتھا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

نیتھن لیون اور جیکسن برڈ نے آخری وکٹ کے لیے 49قیمتی رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد لیون 29رنز بنا یاسر شاہ کا دوسرا شکار بنے اور یوں کینگروز 420رنز بنا کر وپویلین لوٹ گئے ۔پاکستان کے لیے محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4،4جبکہ یاسر شاہ نے 2شکار کیے،آسٹریلیا کی جانب سے کپتان سٹیو سمتھ نے 130، ہینڈ کومب نے 105 اور رینشا نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کیلئے اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا ،اظہر 5رنز بنا کر سٹارک کا شکار ہوئے ،بابر اعظم بھی آغاز ملنے کے باوجود زیاد ہ دیر نہ ٹکے اور 19رنز بنا کر ہیزل ووڈ کو اپنی وکٹ تھما کر چلتے بنے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر یونس خان کا پتہ بھی صاف کردیا ، کپتان مصباح الحق نے 4رنز پر سلپ کو کیچنگ پریکٹس کروائی جس کے بعد اسد شفیق بھی 2رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، سمیع اسلم 22رنز بنانے کے بعد برڈ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے ،وہاب ریاض اور یاسر شاہ 1،1رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان 67رنز پر 8وکٹیں کھو چکا تھا تاہم محمد عامر اور سرفراز احمد نے دن کے اختتام پر مزید کوئی وکٹ گرنے نہ دی ، سرفراز 31اور عامر 8رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔

اس سے قبل پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے تھے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور میٹ رینشا نے کیا، دونوں اوپنر نے ٹیم کو پر اعتماد آغاز فراہم کیا لیکن 32 کے انفرادی سکور پر ڈیوڈ وارنر محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے عثمان خواجہ کو 4 کے انفرادی سکور پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا،وہاب ریاض نے رینشا کو 71 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کرایا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سٹیو سمتھ 110 اور ہینڈ سکومب 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 137 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے ۔