حیدرآباد، امانی شاہ قبرستان کے قریب رینجرز نے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی، بروقت فائرنگ سے خودکش حملہ آور ہلاک

جمعہ 16 دسمبر 2016 15:19

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) حیدرآباد کے امانی شاہ قبرستان کے قریب رینجرز نے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی، رینجرز کی بروقت فائرنگ سے خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں امانی شاہ قبرستان کے قریب رینجرز اہل کاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔رینجرز نے فائرنگ کرکے خودکش حملہ آور کو ہدف سے پہلے ہی ہلاک کردیا، خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

خفیہ اطلاعات پر رینجرز اہل کاروں کو علاقے میں مشکوک سرگرمیوں اور لوگوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ جس پر رینجرز اہل کار موقع پر پہنچ گئے، جہاں حملہ آور نے رینجرز اہل کاروں کو دیکھتے ہی دستی بم پھینکے اور فائرنگ شروع کردی۔رینجرزاہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا۔انٹیلی جنس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، جب کہ بی ڈی ایس عملے کو بھی طلب کیا گیا،جس نے خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا۔