یاسر شاہ کو بولنگ تکنیک بہتر بنائے کی ضرورت ہے، صادق محمد

جمعہ 16 دسمبر 2016 15:13

یاسر شاہ کو بولنگ تکنیک بہتر بنائے کی ضرورت ہے، صادق محمد

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ کو اپنی بولنگ کی تکنیک بہتر بنانے کی ضرورت ہے، سوچ سمجھ کر بولنگ کریں تو زیادہ کامیاب ہو سکتے ہیں۔ جمعہ کے روز اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یاسر شاہ کی بولنگ میں دو غلطیاں ہیں جن کی وجہ سے انہیں بولنگ میں نقصان ہورہا ہے۔

وہ اپنے اوور کو جلد از جلد ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے بلے بازوں کو منصوبہ بندی کے ساتھ بولنگ نہیں کرا سکتے، انہیں چاہئے کہ وہ گیند کرنے سے پہلے تھوڑا سوچے کہ بلے باز کو کس قسم کی گیند کروانی ہے۔ دوسرا وہ گیند کو کان کے پاس سے کراتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی گیند زیادہ بریک نہیں ہوتی۔ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کو یاسر شاہ کی ان خامیوں کی طرف توجہ دینی چاہئے ۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ کی بال جتنی زیادہ لیگ بریک ہوگی اتنا ہی بلے باز کے لئے مشکلات پیدا ہوں گی ۔صادق محمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے گیارہ کے گیارہ کھلاڑیوں نے اسمتھ کے کیچ کی اپیل نہیں کی جو کہ سخت حیرانی کا باعث ہے۔ اگر وہ اپیل کرتے تو امپائر اسمتھ کو آئوٹ دے دیتا لیکن اپیل نہ کرکے انہوں نے اسمتھ کو لمبی اننگ کھیلنے اور آسٹریلیا کو لمبا سکور بنانے کا موقع دیا ۔

صادق محمد نے کہاکہ آسٹریلیا نے لمبا سکور بناکر اپنی پوزیشن کو مضبوط بنالیا ہے اور اب پاکستان کے بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہرنا ہوگا ۔پاکستانی بلے بازوں کو بولروں کی لائن اینڈ لینتھ کو دیکھ کر بیٹنگ کرنا ہوگی ۔ہر گیند کو چھوڑنے کی کوشش کرنے سے ان پر دبائو بڑھ جائے گا ۔بلے باز سکور کریں گے تو فیلڈرز کے قریب کھڑے ہونے کے دبائو سے نجات ملے گی ۔صادق محمد نے کہاکہ پاکستانی ٹیم میں کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔