ہنگامہ آرائی کرنے پر امریکی باکسر کو سزا

جمعہ 16 دسمبر 2016 13:11

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2016ء)امریکہ کے عالمی باکسنگ چیمپیئن ٹیرنس 'بڈ' کروفرڈ کو گاڑیوں کی ورکشاپ میں ہنگامہ کرنے پر 90 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔جج نے 29 سالہ امریکی باکسر کو دو برس تک پروبیشن اور کمیونٹی سروس کرنے کے لیے 120 گھنٹے صرف کرنے کا حکم دیا۔ خیال رہے کہ ٹیرنس کو اپریل میں نیبراسکا میں ایک ورکشاپ جہاں ان کی گاڑی کا پینٹ کیا جا رہا تھا میں املاک کو نقصان پہنچانے اور فساد کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکی باکسر نے اپنی سزا سے صرف پانچ دن پہلے جان ملینا کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی او کے ٹائٹلز کا دفاع کیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران جج نے ٹیرنس سے کہا ’آپ مسلسل ایسا برتاؤ کر رہے ہیں جیسے آپ قانون سے بالا تر ہیں لیکن آپ نہیں ہیں۔'ٹیرنس نے اپریل میں نیبراسکا میں واقع ایک ورکشاپ کے مالک کے ساتھ جھگڑا کیا تھا جب ان کی گاڑی کو پینٹ کیا جا رہا تھا۔امریکی باکسر نے اپنی گاڑی پر ہونے والے کام کی آدھی فیس ادا کی تھی تاہم انھوں نے باقی رقم یہ کہہ کر دینے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ سروس سے مطمئن نہیں ہیں۔اس جھگڑے کے دوران ٹیرنس اپنی گاڑی کو زبردستی لے گئے تھے۔