پہلی اسلام آباد اوپن آرچری چیمپئن شپ 23 دسمبر سے شروع ہوگی،منظر شاہ

جمعہ 16 دسمبر 2016 12:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) اسلام آباد آرچری ایسوسی ایشن اور پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام پہلی دو روزہ اسلام آباد اوپن آرچری چیمپئن شپ 23 دسمبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگی، اسلام آباد آرچری ایسوسی ایشن کے صدر منظر شاہ نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے اور چیمپئن شپ کی تیاریاں زور وشور پر ہیں، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کا افتتاح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سیدعارف حسن ہونگے جو چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے، چیمپئن شپ میں ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے کھلاڑی22 دسمبر کو اسلام آباد پہنچیں گی-