پروفیشنل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون کو بڑھا کر دونوں ممالک اقتصادی راہ داری کے ثمرات سے خاطر خواہ انداز میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پروفیسرلی بائو چنگ

جمعرات 15 دسمبر 2016 23:49

فیصل آباد۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء)چین کی شن چیانگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے چیئرمین و وائس پریزیڈنٹ پروفیسرلی بائوچنگ نے کہا ہے کہ پروفیشنل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون کو بڑھا کر دونوں ممالک اقتصادی راہ داری کے ثمرات سے خاطر خواہ انداز میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے جھنگ روڈپر واقع تحقیقی مرکز پارس میں دونوں اداروں کے مابین معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر لی بائوچنگ نے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبہ میں تعاون کو فروغ دے کر عوام کی خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں جس کیلئے دونوں ممالک میں ہر سطح پر سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے مابین ماڈرن ایگریکلچرل سائنس و ٹیکنالوجی پارک کے قیام چائنہ پاک ایگریکلچرل ریسر چ و ڈویلپمنٹ کو ترجیحی بنیاد بنانے تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان میں چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سے جڑے مواقعوں سے فائدہ اُٹھانے کے سلسلہ میں پاکستانی ٹیکنیشنزکی تربیت کے معاہد ے معاشی ترقی کیلئے دور رس نتائج کے حامل ہونگے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے بعد یونیورسٹی میں ماڈرن ایگریکلچرل سائنس و ٹیکنالوجی پارک اور پاکستانی ٹیکنیشنز کی تربیت کے معاہدے سے طویل المدت تعاون کاپرجوش آغاز ہوا ہے جس میں مشترکہ مفادات کے مزید مواقع تلاش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو برس قبل یونیورسٹی میں کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے اب تک سینکڑوں پاکستانی نوجوانوں کو چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے شن چیانگ یونیورسٹی کے ساتھ معاہدوں کو اہم سنگ میل سے تعبیر کرتے ہوئے انہیں کثیر الجہت تعاون کا خوبصورت نقطہ آغاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کنفیوشش انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی مدینہ ٹائون کے ساتھ ساتھ قراقرم یونیورسٹی گلگت کے نوجوانوں کو بھی تربیت فراہم کی جائیگی۔ معاہدے کے مطابق زرعی یونیورسٹی چینی ماہرین کیلئے پارس کیمپس پر 25ایکڑ رقبہ بمعہ تمام فارمنگ سہولیات ٹیکنالوجی پارک کیلئے فراہم کرے گی جبکہ چین کی شن چیانگ یونیورسٹی میں پارک کے قیام کیلئے بھی یہی سہولیات جامعہ زرعیہ کو حاصل ہونگی۔