پاکستان میں احتجاج یا انتشار نہیں، صرف ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہوگی،جولوگ پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی روک کر تماشا لگانا چاہتے ہیں، وہ ناکام و نامرادرہیں گے،باشعورعوام نے احتجاجی سیاسی عناصر کو آئینہ دکھا دیا ہے،الزام تراشی اورجھوٹ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے،مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے،2017ء منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا بیان

جمعرات 15 دسمبر 2016 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران مختلف شعبوں میں جوتیزرفتار ترقی ہوئی ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے انتہائی تیزرفتاری اوراعلی معیار سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں ۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر دن رات کام ہورہا ہے اور یہ منصوبہ اگلے برس کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان میں احتجاج یا انتشار نہیں، صرف ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہوگی اورجولوگ پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی روک کر تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ ناکام و نامرادرہیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے باشعورعوام نے احتجاجی سیاست کرنے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر کو آئینہ دکھا دیا ہے اورالزام تراشی ،جھوٹ اوراحتجاجی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیںاورپاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ملکرچلنا ہے اور2017ء منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔