بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ انسداد تجاوزات نے تاج میڈیکل کمپلیکس کی دیوار کے ساتھ رکھے گئے کنٹینر آفس کو ہٹا دیا

سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد کے اطراف سے ناکارہ گاڑیوں سمیت مختلف تجاوزات کا بھی خاتمہ کردیا

جمعرات 15 دسمبر 2016 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ایم اے جناح روڈ پر تاج میڈیکل کمپلیکس کی دیوار کے ساتھ رکھے گئے کنٹینر آفس کو ہٹا دیا جبکہ سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد کے اطراف سے ناکارہ گاڑیوں سمیت مختلف تجاوزات کاخاتمہ کردیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے کی یہ کارروائی سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات مظہر خان کی نگرانی میں ہوئی جبکہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن فرید اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات کے عملے نے ایم اے جناح روڈ پر تاج کمپلیکس کے قریب ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے فٹ پاتھ اور سڑک پر رکھے ہوئے ایک بڑے کنٹینر کو جس میں آفس بھی قائم تھا ہٹا کر فٹ پاتھ اور سڑک کو کلیئر کردیا جس کے نتیجے میں سڑک پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے کشادہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ بھی موجود تھا ۔

سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد کے اطراف سڑک اور فٹ پاتھ پر ناکارہ گاڑیوں اور دیگر رکاوٹوں کے باعث اسپتال آنے والے مریضوں اور تیمارداروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جبکہ یہاں سے گزرنے والے افراد خصوصاً خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا تھا لہٰذا محکمہ انسداد تجاوزات نے سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تمام ناکارہ گاڑیوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا جبکہ دکانداروں کو تنبیہ کردی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے رکھا ہوا سامان ہٹا لیں بصورت دیگر اسے ضبط کرلیا جائے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :