نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزہے

مقررین کا ایوان کارکنان میں محفل میلاد النبیؐ سے خطاب

جمعرات 15 دسمبر 2016 22:41

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء)نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزہے،آپ ؐ نے خواتین کے ساتھ خاص طور پر اچھا برتائو کرنے کا حکم دیا ،دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے،ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں جاری تقریبات جشن عید میلادالنبیؐکے سلسلے میں منعقدہ محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین کے دوران کیا،اس موقع پرسیکرٹری شعبہٴ خواتین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ بیگم صفیہ اسحاق، مادرملت ؒ سنٹر کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، ممتاز کالم نگار طیبہ ضیاء چیمہ، بیگم صباحت رمضان سیالوی،بیگم شاہد رشید، بیگم خالدہ جمیل ، ممبران صوبائی اسمبلی فرزانہ بٹ،رخسانہ کوکب ،نبیرہ عندلیب نعیمی،بیگم حامد رانا، بیگم فوزیہ چیمہ،نائلہ عمر، ڈاکٹر حنا، اقراء اسماعیل، ارم شفیق، سعدیہ محمود، مقدس شفیق، رضیہ اختر، زرقا جاوید، نجمہ بلال اور مسز سلمیٰ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اورطالبات کی کثیر تعدادموجود تھی،پروفیسر ڈاکٹر پروین نے کہا کہ حضور اکرمؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا،آپؐ کے امتی ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں، محفل میلاد سے بیگم صفیہ اسحاق،بیگم صباحت رمضان سیالوی،رخسانہ کوکب نے بھی خطاب کیا،محفل میلاد کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہٴ عقیدت پیش کیاجبکہ نبی پاکؐ کے حضور درودوسلام بھی پڑھا گیا، آخر میں طیبہ ضیاء چیمہ نے ملکی ترقی واستحکام کیلئے خصوصی دعاکروائی۔