بارہویں چولستان ڈیزارٹ ریلی کیلئے بارہ ملین روپے سے زائد اخراجات کاتخمینہ

جمعرات 15 دسمبر 2016 22:17

ملتان۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء)بارہویں چولستان ڈیزارٹ ریلی 2017کے انعقاد اوردیگراخراجات کے لئے بارہ ملین روپے سے زائد کے اخراجات کاتخمینہ لگایاگیاہے۔اس ریلی کے لئے روٹ کوتین اضلاع بہاولپور،بہاولنگراوررحیم یارخان کے اضلاع تک پھیلاکراس کی لمبائی 455کلومیٹرکردی گئی ہے جبکہ اب یہ ایونٹ دوروز کی بجائے چارروزہ اوراس کانام چولستان جیپ ریلی کی بجائے چولستان ڈیزرٹ ریلی کردیاگیاہے۔

نئے پروگرام کے مطابق 9فروری کو گاڑیوں کی رجسٹریشن اوران کامعائنہ سٹاک کٹیگری کی گاڑیوں کے لئے قرعہ اندازی ا ورپری پیڈکیٹگری کے کوالیفائنگ رائونڈ کے لئے قرعہ اندازی 10فروری کوسٹاک گاڑیوں کی ریس اورپری پیڈگاریوں کاکوالیفائنگ رائونڈ11فروری کوفلیگ آف پری پیڈکیٹگری ،کلچرل نائٹ اورقلعہ بجنوٹ میں ریس کی گاڑیوں کارات کوقیام جبکہ بارہ فروری کو ریس گاڑیوں کی قلعہ دراوڑواپسی اورانعامات کی تقسیم ہوگی۔

(جاری ہے)

بارہویں چولستان ڈیزارٹ ریلی 2017کے انعقاد ،نام کی تبدیلی انتظامات اورفنڈزکی فراہمی کے لئے لاہورمیں منعقدہونے والی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ جس کی صدارت سینیٹرسعودمجیدچیئرمین ٹاسک فورس برائے چولستان نے کی میں فیصلہ کیاگیاکہ ریلی کے انعقاد کے لئے پاکستان آرمی اورپنجاب رینجرز کی مددحاصل کرنے کے لئے ان کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی جائے گی جبکہ ریلی میں ہتھیارلانے اورہوائی فائرنگ کی سخت ممانعت ہوگی ۔

میٹنگ میں حلقہ پی پی 54کے ایم پی اے رائے حیدرعلی خان ،مشیروزیراعلیٰ پنجاب برائے ٹورازم چوہدری سعودمجیدایم پی اے حلقہ پی پی 276یزمان نیئراقبال سیکرٹری ٹورازم پنجاب احمرملک منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی حسن علی سکھیراوائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ پنجاب ،نعیم اقبال سیدمنیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،ضلعی پولیس افسران اورمحمدبلال عاشق ممبرفیڈرل کمیٹی ملتان بھی موجودتھے۔ اس موقع پر فیصلہ کیاگیاکہ قلعہ دراوڑجانے کی سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ ریلی میں شرکت کرنے اورواپسی میں ٹریفک بلاک کی صورت میں متبادل کچے راستے بھی تعمیر کئے جائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی فنڈزریلیزکرانے کے لئے سینیٹرسعودمجیدذاتی کوشش کریں گے ۔