صوبائی حکومت عوام کو سستی ،بہتر معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،ڈاکٹرامجدعلی خان

جمعرات 15 دسمبر 2016 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو سستی اور بہتر معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کی بدولت ملازمین، ریٹائرڈ پنشنرز اور غریب لوگوں کو معیاری سہولتوں سے آراستہ رہائش فراہم ہو سکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صوبائی ہائوسنگ اتھارٹی حکومت خیبر پختونخوا کی میگا ہائوسنگ سکیموں سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیاجس میںسیکر ٹری محکمہ ہائوسنگ ڈاکٹر جمال یوسف، ڈائریکٹر جنرل انجنئیر اعجاز افضل ، ڈائریکٹرٹائون پلاننگ سیف الرحمان عثمانی اورپی اینڈ ڈی، لوکل گورنمنٹ، فنانس اور بورڈ آف ریونیو کے محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہائوسنگ اتھارٹی کے زیر اہتمام صوبے کے اضلاع میں عوام کو سستے مکانوں کی فراہمی کے منصوبے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا اور اس منصوبے کو ضلعی حکومتوں اور منتخب بلدیاتی ممبران کی مشاورت کے ساتھ پایا تکمیل تک پہنچانے، بینکوں کے اشتراک سے سرکاری ملازمین ریٹائرڈ پنشنرز اور عوام کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت سستی ہائوسنگ سکیمیں شروع کرنے -"زمنگ خپل کور "پروگرام سے متعلق کمرشل بینکوں کے تعاون سے چار/پانچ مرلے کے دو بیڈ رومز، برآمدے، کیچن دو باتھ رومز اور چار دیواری پر مشتمل مکانوں کے منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے غور وخوض ہوا اور اہم فیصلے کئے گئے -"زمنگ خپل کور " سکیم کے تحت آسان شرائط پر ملازمین اور کم آمدن والے عوام اپنے لئے مکان کا حصول با آسانی ممکن بنا سکیں گے اور درخواست گزاروں کیلئے ہر ضلع میں ون ونڈو سہولت فراہم ہوگی۔

اجلاس میں جلوزئی ، جرمہ ، گڑھی زرداد نزدچارسداانٹر چینج ، ملازئی ، حویلیاں، پشاور ماڈل ٹائون سوڑازئی اور دیگر ہائوسنگ کے منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام کو درپیش رہائشی مسائل کا صوبائی حکومت کو بھر پور احساس ہے اور ان کے حل کے لئے تیزی کے ساتھ اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مزکورہ منصوبوں پر کام مزید تیز کیا جائے تاکہ مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔