بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور کنٹرول لائن پر بلاجواز فائرنگ بند کرے‘نصف صدی سے کشمیریوں کو محکوم بنائے رکھنا نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کی فطرتی جارحیت ‘انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور دوہرے معیار کا آئینہ دار ہے

سعودی عرب میں مقیم ممتاز حریت پسند رہنما محمد سجاد کشمیری کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 15 دسمبر 2016 13:45

الدمام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء) سعودی عرب میں مقیم ممتاز حریت پسند رہنما محمد سجاد کشمیری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور کنٹرول لائن پر بلاجواز فائرنگ بند کرے۔نصف صدی سے کشمیریوں کو محکوم بنائے رکھنا نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کی فطرتی جارحیت ،انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور دوہرے معیار کا آئینہ دار ہے۔

سکاٹ لینڈ کی طرز پر کشمیروں کو حق خودارادیت نہ دیا گیا تو خطہ میں امن کی ضمانت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ بھارت کو ریاستی دہشت گردی کی اجازت دے کر عالمی طاقتیں اپنے متعلق شقوق وشبہات کی دعوت دے رہی ہیں ۔حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی انسانی حق ہے جس کے لیے دی گئی قربانیوں کو تاریخ کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

بھارت کسی طوربھی کشمیریوں کو اب مزید محکوم نہیں رکھ سکتا ۔ذمہ دار عالمی طاقتوں کو دنیامیں امن قائم رکھنے اور دو روائتی حریفوں کو ایٹمی جنگ سے بچانے کے لیے دوہرا معیار ترک کرنا ہوگااور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو تسلیم کرنا ہوگا۔ بھارت میں قائم مودی حکومت بھارت کے اندر انتہاء پسند طبقہ کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے ہاتھ بھارت کے اندر مسلمانوں اوردیگر اقلیتی اقوام کے خون سے رنگے ہوے ہیں ۔

محمد سجاد کشمیری نے کہا کہ بھارت نے ہر دور میں کشمیرکے اندر ریاستی دہشت گردی کی اور کشمیریوں پر ظلم ڈھائے ہیں۔اب جبکہ دنیا میں انسانی حقوق کے دفاع کے لیے باقاعدہ طورپر کام کیا جارہا ہے اور مسائل کا حل مذاکرات کی میز پر تلاش کیا جارہا ہے۔ ایسے حالات میں بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر بلاجواز فائرنگ اور سول آبادی کا قتل عام مہذب دنیا خصوصاًجمہوریت کی علمبردار قوتوں کے چہرے پر سیاہ نشان ہے۔ جس پر مہذب اقوام کو سنجیدگی سے سوچنا چاہیے اور سکاٹ لینڈ کی طرز پر کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے۔