کراچی،بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز مقابلہ، 3دہشت گردہلاک ،فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

جمعرات 15 دسمبر 2016 11:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء) کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ میں رینجرز کے چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ فائرنگ کے دیگر واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق بلدیہ یوسف گوٹھ میں رینجرز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

اس دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان اور رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں تین دہشتگرد ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے رینجرز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے آٹومیٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ دوسری جانب نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بشیر کے نام سے ہوئی جبکہ لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔