سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس،آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان میں زکوةٰ و عشر کی تقسیم ، مانیٹرنگ ،آڈٹ اور طریقہ کار کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا

بدھ 14 دسمبر 2016 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان میں زکوةٰ و عشر کی تقسیم ، مانیٹرنگ ،آڈٹ اور طریقہ کار کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف ایک قرار داد پیش کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے مسلسل کئی ماہ سے جاری بد ترین تشدد ، معصوم شہریوں کی شہادتوں، بلاجواز گرفتاریوں ، نوجوان بچوں اور بچیوں پر فائرنگ بالخصوص (چھرا)گن کے استعمال اور زخمیوں کے علاج سے ظالمانہ اجتناب پر انتہائی تشویش و برہمی کا اظہارکرتے ہوئے شدید مذمت بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایسی صورتحال بن چکی ہے جس کے تصور سے بھی روح کانپ اٹھتی ہے ۔ سینکڑوں کی تعداد میں زخمیوں کا نہ صرف یہ کہ علاج نہیں ہوا بلکہ کسی اور ملک یا بیرون ممالک کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو ان زخمیوں اور مریضوں سے رابطہ کرنے کی اجازت ہے ۔ یہ ایک ایسا ظالمانہ رویہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی ۔ اور یہ بلاشبہ انسانی حقوق کی شدید ترین اور بد ترین خلاف ورزی ہے ۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی اس طرف توجہ مبذول کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال کو وزیراعظم پاکستان اور سفارتی نمائندوں نے ہر سطح پر اجاگر کیا مگر ابھی تک کوئی بہتری پیدا نہیں ہوئی ۔ اس مسئلے کو ایک بار پھر زور دار طریقے سے اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ مسئلہ کشمیر کو تقویت حاصل ہو اور بھارتی جارحیت کا خاتمہ ہو۔

عالمی سطح پربھی بیداری پیدا ہو رہی ہے اور خود بھارت کے بعض رہنمائوں کی طرف سے بھی بھارتی غیر انسانی رویوں کی مذمت بڑھتی جارہی ہے ۔ قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری زکوةٰ جموں و کشمیر نے زکوةٰ کی تقسیم اور طریقہ کار بارے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ زکوةٰ کے معاملات کو حکومت آزاد جموں وکشمیر خود چلا رہی ہے ۔ وزیر اس کے سربراہ ہیں ۔ زکوةٰ ضرورت مند ، غریبوں ، یتیموں ، بیوائوں ، مریضوں ، غریب طالبعلموں ، دینی مدارس کے بچوں اور بچیوں کی تعلیم اور جہیز فنڈکے لئے تقسیم کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 1438 مقامی زکوةٰ کمیٹیوں کے ذریعے 68865مستحقوں کو 15.37 ملین روپے تقسیم کیے گئے ہیں ۔ آزاد جموں کشمیر کے 18 ہسپتالوں کو 10.9 ملین روپے مریضوں کے علاج کے لئے دیئے گئے ہیں ۔ 185 دینی مدارس کے 7.5 ہزار بچوں کیلئے تقریباً 60 ملین روپے دیئے گئے ہیں ۔ اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 265 بچے رجسٹرڈ ہیںجن کیلئے مالی سال 2016-17 کیلئے 1.5 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوںنے زکوةٰ کی تقسیم کے طریقہ کار ،آڈٹ کے طریقہ کار بارے کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا ۔ سینیٹر سراج الحق کے سوال کے جواب میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ زکوةٰ کی مد میں 40 کروڑ اکھٹے ہوئے اور انتظامی اخراجات پر 15 کروڑ صرف ہوئے جس پر چیئرمین و اراکین کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی اخراجات کو بھی کم کرنے کی سفارش کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر زکوةٰ سسٹم کو ماڈل کے طور پر بنائیں ۔

گلگت بلتستان کے سیکرٹری زکوةٰ نے کمیٹی کو بتایا کہ گلگت بلتستان کے چھ اضلاع میں زکوةٰ تقسیم کی جاتی ہے 2.1 ملین روپے فیڈرل حکومت دیتی ہے ۔ چھ اضلاع میں244 لوکل زکوةٰ کمیٹیاں ہیں اور ضلع گانچے غریب ترین ضلع ہے ۔ بجٹ کا 60 فیصد گزارہ الائونس ، 18 فیصد تعلیم کیلئے،8 فیصد مذہبی تعلیم کیلئے، 6 فیصد صحت اور 8 فیصد جہیز فنڈ کی مد میں تقسیم کیاجاتا ہے ۔

گزارہ الائونس کو 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کر دیا ہے ۔ بجٹ پچھلے سال 7 کروڑ تھا اس سال دو کروڑ مزید اضافہ کیا ہے ۔ عاملین زکوةٰ کی تعریف کو واضح کیا جائے ۔ ضلعی چیئرمین زکوةٰ کمیٹی اور صوبائی زکوةٰ کمیٹی کے چیئرمینوں کی تنخواہ مقرر کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سال میںدو دفعہ زکوةٰ تقسیم کی جاتی ہے ۔ صوبائی زکوةٰ کونسل گلگت بلتستان کے چیئرمین چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ہوتے ہیں ۔

اور چھ اضلاع سے غیر سرکاری ممبران بھی اس کونسل کے ممبر ہیں ۔ ضلعی زکوةٰ کمیٹی کے چیئرمین کی تقرری صوبائی زکوةٰ کمیٹی کی سفارش پر کی جاتی ہے ۔ ضلعی زکوةٰ کمیٹی کا بنیادی کام اصل مستحقین میں زکوةٰ کی تقسیم ہے۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میںقائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، سینیٹرز حاجی مومن خان آفریدی، سراج الحق، نجمہ حمید اور احمد حسن کے علاوہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر ، ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ، سیکرٹری زکوةٰ وعشرگلگت بلتستان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :