صوبے کے ہر ایک ضلع کی ترقی ذاتی دلچسپی ہے، کوئی بھی ضلع غیر ترقی یافتہ نہیں ہوگا،وزیر اعلی سندھ

بدھ 14 دسمبر 2016 22:14

صوبے کے ہر ایک ضلع کی ترقی  ذاتی  دلچسپی ہے،  کوئی بھی ضلع غیر ترقی یافتہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ صوبے کے ہر ایک ضلع کی ترقی میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں، کوئی بھی ضلع غیر ترقی یافتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز امتیاز شیخ ،ساجد حسین جوکھیو،مرتضیٰ بلوچ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کائونسل کراچی سلمان مراد سے وزیراعلیٰ ہائوس میں باتیں کرتے ہوئے کہی۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ شکارپورشہر کا نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے،گٹر ابلے ہوئے ہیں اور سیوریج کا گندا پانی گلیوں میں پھیلا ہوا ہے اور گلیاں تالاب کی صورت پیش کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر شکارپور شہر کا دورہ کیا تھا اور اسکی صورتحال اچھی نہیں تھی،انہوں نے کہا کہ میں جلد شہر کا دورہ کرونگا اور آپ کو ڈرینج اسکیم اور دیگر ترقیاتی کام دونگاتاکہ شکارپور شہر صاف ستھرا ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ شہر سے تمام اقسام کی تجاوزات کے خاتمے کیلئے کام کریں،انہوں نے کہا کہ یہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔رکن صوبائی اسمبلی ساجد حسین جوکھیو ،مرتضیٰ بلوچ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کائونسل سلمان مراد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے قائداآباد اور اسٹیل ٹاؤن مین سڑک دوبارہ تعمیر کی جا رہی ہے اور پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی لائینن تبدیل کی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سے اہم سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر کے تجاوزات اور ترقی سے متعلق مسائل کا مناسب طریقے سے تدارک کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کاؤنسل کو چاہیے کہ وہ مسائل کی نشاندہی کرے اور اس حوالے سے تجاویز بھی دیں اور دیہی کراچی کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے انہیں یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کو جو بھی مدد چاہیے میں آپ کی مدد کرنے کیلئے تیار ہوں۔

متعلقہ عنوان :