سی ڈی اے کے زیر اہتمام دو روزہ کمرشل پلاٹو ں کے نیلام عام میں آٹھ ارب چالیس کروڑ کے پلاٹ نیلام

کمرشل پلاٹوں کی تاریخی نیلامی میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی سی ڈی اے کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے،شیخ انصر عزیز

بدھ 14 دسمبر 2016 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) سی ڈی اے کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کے مختلف ڈویلپڈسیکٹروں میں واقع کمرشل پلاٹوں کے دو روزہ نیلام عام میں آٹھ ارب 40 کروڑ روپے کے کمرش پلاٹ نیلام ہوئے ۔ دو روزہ نیلام عام میںشہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اوربولی دیکر اپنی پسند کے کمرشل پلاٹ حاصل کئے۔ نیلامی کے دوسرے روز اسلام آباد کے ڈویلپڈسیکٹروںکی4.650 ارب روپے سے زائد کے 7پلاٹ نیلام ہوئے جبکہ پہلے روز کی8 کمرشل پلاٹ 3 ارب75 کرورڑ روپے میں نیلام کیے گئے تھے۔

دو روزہ نیلام عام کی نگرانی سی ڈی اے کے ممبر فنانس ڈاکٹر فہد عزیز کی سربراہی میںآکشن کمیٹی نے کی جس میں ممبر پلاننگ اسد کیانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لینڈ و اسٹیٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فنانس ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لاء، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ، ڈائریکٹر اربن پلاننگ، ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹII- ، شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے میئر وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے دو روزہ تاریخی نیلام عام کے شفاف انعقاد پر آکشن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں کاروباری حضرات کی طرف سے بھرپور سرمایہ کاری سی ڈی اے پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوںنے کہاکہ کمرشل پلاٹوں کی نیلامی سے اسلام آباد میں بھرپور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور معاشی سرگرمیوں کے باعث اسلام آباد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسلام آباد کے میئر وچیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ آکشن کا مقصد جہاں کاروبار ی لوگوں کو اپنے کاروبار کی سہولت دینا ہے وہاں آکشن سے حاصل ہونے والی آمدنی کو اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے لئے فلاحی منصوبوں پر خرچ کرنا ہے تاکہ اسلام آباد میں ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد روز افزوں بڑھتا اور پھیلتا ہوا شہر ہے اس لئے یہاں لوگوں کو رہائشی سہولیات اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کرناہماری ذمہ داری ہے اورمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اس بنیادی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھا رہاہے۔ کمرشل پلاٹوں کی دو روزہ نیلامی میں15 پلاٹ نیلام ہوئے جن میں آئی 8- مرکز کے پلاٹ نمبر8،9 اور4 ،ڈپلومیٹک انکلیو(G-5) کے پلاٹ نمبر04-A اور پلاٹ نمبر14-C ، سیکٹر G-11/3 کے پلاٹ نمبر11 ،05-A اور05-B ، مرکزایف8- کے پلاٹ نمبر6 اور ایف11/1 کا پلاٹ نمبر3 اورسیکٹر D-12/3 کے پلاٹ نمبر3-J اور 3-I اور سیکٹر D-12/4 کے پلاٹ نمبر02 ،03 اور 04-D شامل ہیں۔

اس طرح سے دوسرے دن4.650 ارب روپے میں پلاٹ نیلام کیے گئے اس طرح دو دن میں نیلام کیے جانے والے پلاٹ آٹھ ارب 40 کروڑ روپے میں نیلام کیے گئے۔نیلامی کے اختتام پر آکشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فہد عزیز نے کمیٹی کے ممبران کے علاوہ نیلامی میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی طرف سے بہترین کاوشوں اور نیلامی میں پلاٹ لینے والوں کی طرف سے بھر پور تعاون اور مقابلے کی مثبت فضاء کے باعث نیلامی کامیاب رہی جس کی بنیادی وجہ ادارے کی طرف سے کاروباری حضرات کے لیے بہترین پالیسیاں ہیں جن کے باعث سرمایہ کاروں کا کھویا ہوا اعتماد بحال ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :