مستقبل میں چچا بھتیجا مل کر الیکشن لڑیں گے، شریف برادران کا مستقبل تاریک ہے، مولا بخش چانڈیو

دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا، آصف زرداری علاج کیلئے باہر گئے کسی سے ڈیل کرکے نہیں جب چاہیں واپس آسکتے ہیں،مشیر اطلاعات سندھ

بدھ 14 دسمبر 2016 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مستقبل میں چچا بھتیجا مل کر الیکشن لڑیں گے، شریف برادران کا مستقبل تاریک ہے، 27 دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا، آصف زرداری کسی سے ڈیل کرکے باہر نہیں گئے وہ علاج کے لیے باہر گئے تھے جب چاہیں واپس آسکتے ہیں۔بلاول کے مطالبات جمہوی ہیں اور اپنے جمہوری مطالبات منوانے کے لیے وہ عوام میں جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آصف زرداری جب چاہیں گے وطن واپس آئیں گے ان کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔جب حق آئے گا تو باطل بھاگ جائے گا ۔ آصف زرداری حق پر ہیں وہ ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انکل بولنے پر کوئی ناراض ہوتا ہے تو اسکی مرضی، آگے چل کر انکل اور بھتیجا سب ملکر انتخابات میں حصہ لیں گے ۔

بلاول بھٹوزرداری یوٹرن لینے والے نہیں وہ جو کہتے ہیں کر گزرتے ہیں اپنے سیاسی اعلانات پر عملدرآمد بلاول کا خاصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا مستقبل تاریک دیکھ رہا ہوں۔ وہ سعودیہ میں ہونگے یا جیل میں ۔ میری دعا ہے کہ وہ جیل نہ جائیں ۔ ستائیس 27 دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا۔ مخالفین کو پتہ چل جائے گاکہ بلاول ابھی بچہ نہیں ۔

ستائیس دسمبر سے چلنے والی تحریک کا جو بھی جماعت حصہ بنے گی ساتھ لیکر چلیں گے ۔ عمران خان کا احترام کرتاہوں انہیں بھی چاہئے کہ وہ جب کسی کے لیے بات کریں تو احترام ملحوظ خاطر رکھیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایسا وزیر خارجہ چاہتے ہیں جو بھارت اور دوسرے ممالک کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرسکے اور قومی مفادات کا تحفظ کرسکے ۔