وزیراعلی خیبرپختونخوا نے مردان اورچترال میں کینسرہسپتالوں کے قیام کی منظوری دیدی

صوبائی حکومت کے تعاون سے پشاور کے علاوہ ایبٹ آباد، بنوں،سوات میںقائم کینسر ہسپتال مریضوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں حکومت صحت کے نظام کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے، مانیٹرنگ نظام رائج کرنے سے ہسپتالوں میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے،پرویزخٹک

بدھ 14 دسمبر 2016 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مردان اور چترال میں کینسر ہسپتالوں کے قیام اور ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں پہلے سے موجود کینسر ہسپتالوں کیلئے زمین کی فراہمی کیلئے سمری جلد پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف سے ان ہسپتالوں کے قیام اور توسیع کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایاہے۔

وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبے کے مختلف مقامات پر کینسر ہسپتالوں کے قیام اور پہلے سے موجود کینسر کے ہسپتالوں کی توسیع کے بارے میںایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر صحت شہرام خان ترکئی، سیکرٹری صحت عابد مجید کے علاوہ نیو کلیئر کمیشن کے ماہرین نجیب اللہ، ڈاکٹر سید جاوید شاہ، ڈاکٹر احسان اللہ، ڈاکٹر رؤف خٹک اور ڈاکٹر امجد عزیز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیشن کے اراکین نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے پشاور کے علاوہ ایبٹ آباد، بنوںاور سوات میںقائم کینسر کے ہسپتال مریضوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان پانچ ہسپتالوں کیلئے صوبائی حکومت نے زمین فراہم کی ہے۔ وفد نے ان ہسپتالوں کو آلات و ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم کی فراہمی پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وفد کے اراکین نے ڈیرہ اسما عیل خان میں موجود کینسر ہسپتال کی توسیع کیلئے مزید 40کنال زمین دینے کا مطالبہ کیا اسی طر ح مردان اور چترال میں کینسر ہسپتال کے قیام اور ایبٹ آباد میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں موجود انسٹیٹیوٹ آف نیو کلیئر تھراپی اینڈ ریڈیالوجی میں کینسر کے علاج کی جدید ترین مشین کی تنصیب کیلئے اراضی مہیاکرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اسی طرح صوبے میں کینسر کے موجودہ سرکاری ہسپتالوں کیلئے ادویات کی فراہمی کیلئے فنڈز کی فراہمی کابھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو مذکورہ ہسپتالوں کی تعمیر اور توسیع کیلئے اراضی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح انہوں نے کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے ادویات کی فراہمی کیلئے تجاویز بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ نے ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے متعلقہ حکام کو کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زمینوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کے بورڈز کو اعتماد میں لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت مذکورہ منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو صحت کی بہتری کیلئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھانے سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پر قابو پایا گیا ہے جبکہ اس سال کے آخر تک سو فیصد ڈاکٹر ہسپتالوں کو مہیا کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے نظام کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ کا نظام رائج کرنے سے ہسپتالوں میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نظام میں شفافیت کے علاوہ سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا گیا اور میرٹ یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔ اٹامک انرجی کمیشن کے ماہرین نے صحت کے نظام کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور ڈاکٹروں کیلئے پرکشش پیکیج کے اعلان کو صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے سنگ میل قرار دیا۔