خیبر پختونخواکے نوجوانوں کو انفار میشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور یو ایس ایڈ کے درمیان معاہدہ طے

معاہدے کے تحت یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا کے 9اضلاع میں بین الاقوامی آئی ٹی کمپنی سیسکو کی 40اکیڈمیاں قائم کرے گا جہاں پر صوبے کے تین ہزار نوجوان اپنے گھر بیٹھے آئی ٹی کے شعبے میں انٹر نیشنل سرٹیفیکیشن مفت حاصل کر سکیں گے

بدھ 14 دسمبر 2016 21:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) خیبر پختونخواکے نوجوانوں کو انفار میشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوئی جس میں سینئر صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام تراکئی ،ڈپٹی مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈکیون براوناویل نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا کے 9اضلاع میں بین الاقوامی آئی ٹی کمپنی سیسکو کی 40اکیڈمیاں قائم کرے گا جہاں پر صوبے کے تین ہزار نوجوان اپنے گھر بیٹھے آئی ٹی کے شعبے میں انٹر نیشنل سرٹیفیکیشن مفت حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ترقی کا راستہ اور موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے ہم نہ صرف اپنی نوجوان نسل کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کر سکتے ہیں بلکہ صوبے کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ عصر حاضر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس اہمیت اور افادیت کے پیش نظر موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے میں اس شعبے کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو اس شعبے کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن کے انتہائی حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

یو ایس ایڈ کے تعاون سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے کے تین ہزار نوجوانوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر سیسکو ،اوریکل اور مائیکرو سافٹ جیسے بین الاقوامی اداروں کی تربیت مفت فراہم کی جائے گی جس سے ہمارے نوجوان قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے لئے باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔

شہرام تراکئی نے کہا کہ نوجوان پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں کیونکہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ان نوجوانوں کو بہترتعلیم و تربیت فراہم کئے بغیر ہم قومی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔آئی ٹی کے شعبے میں اپنی حکومت کے ا قدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے سرکاری سکولوں میں اب تک جدید طرز کی 500آئی ٹی لیبز قائم کر چکی ہے جن میں ان تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اگلے سال مزید 500لیبز بھی قائم کی جائیں گی۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کو روزگار کے مواقع پیداکرنے کا موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے شہرام تراکئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا آئی ٹی کے تحت گزشتہ تین سالوں سے پشاور میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔صوبے میں انکیوبیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس کیساتھ ساتھ آئی ٹی میں فری لانسنگ کے پروگرام بھی منعقد کئے جا رہے ہیں جن سے صوبے کے نوجوانوں کے لئے خود روزگاری اور ملازمت کے بہترین مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔تقریب سے پشاور میں تعینات امریکی کونسل جنرل رئمنڈ میک گراتھ،یو ایس ایڈ ڈپٹی مشن ڈائریکٹر کیون برائو ناویل اور مینجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ شہباز خان نے بھی خطاب کیا۔