عوام جانتے ہیں وسائل کی کمی ہے ،وسیم اختر

عوام کی بہتری کیلئے ہم سب محنت کررہے ہیں ،کراچی کا مینڈیٹ جس کے پاس ہے ان کے پاس ہی اختیار نہیں ،مئیر کراچی

بدھ 14 دسمبر 2016 21:14

عوام جانتے ہیں وسائل کی کمی ہے ،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ وسائل کی کمی ہے مگر اس کے باوجود عوام کی بہتری کیلئے ہم سب محنت کررہے ہیں مگر یہ بھی سچ ہے کہ کراچی کا مینڈیٹ جس کے پاس ہے ان کے پاس ہی اختیار نہیں ہے، ہمارا مقصد عوام کی بہتری کیلئے کام کرنا اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد نمبر 4 یوسی 42میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی کے تحت چلنے والی ڈسپنسری کو معروف قوال امجد صابری شہید کے نام سے منسوب کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈسپنسری کا افتتاح امجد صابری شہید کی والدہ نے میئرکراچی وسیم اختر کے ساتھ مل کر کیا جبکہ اس موقع پر امجد صابری کے بھائی، صاحبزادے، ممبران اسمبلی محفوظ یار خان، عظیم فاروقی ، ضلعی میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سیدشاکر علی، یوسی42 کے چیئرمین طاہر الدین، اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ امجد صابری کا اس دنیا سے جانا ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے بہت ہی اچھا انسان ہم سے چھین لیا گیا ان کے نام سے منسوب ڈسپنسری کا افتتاح ہونے کے بعد لوگ اس ڈسپنسری سے استفادہ کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ آج امجد صابری بہت یاد آرہے ہیں جب بھی ان کا چہرہ سامنے آتا ہے یا ٹیلی ویژن پر ان کی تصویر آتی ہے تو دل بہت دکھتا ہے مذکورہ ڈسپنسری کو ہر طرح سے یہاں آنے والے مریضوں کے لئے بہتر سے بہتر بنایا جائے گا اور اسے دو شفٹوں میں فعال رکھا جائے گا تاکہ بالخصوص مقامی آبادی کو سہولت میسر آسکے،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ڈسپنسری کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کی گئی ہے اور اس کو مزید بہتر سے بہتر بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ لیاقت آباد جیسے گنجان آباد علاقے میں ڈسپنسری کا افتتاح کیا گیا ہے پہلے اس ڈسپنسری میں ادویات کا فقدان تھا لیکن اب حالت بدل رہی ہے اور ہماری بھی کوشش ہوگی کہ اس ڈسپنسری کو یہاں آنے والے مریضوں کے لئے زیادہ سے زیادہ بہتر بنائیں، انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈسپنسری کا افتتاح بھی سو روزہ صفائی مہم کا حصہ ہے جس میں مختلف علاقوں میں موجود اسکولوں، ڈسپنسریوں، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہمارے ساتھ ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز سمیت دیگر ذمہ داران بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ہم سب کی یہ کوشش ہے کہ اجتماعی جدوجہد کے ساتھ کام کو آگے بڑھایا جائے ، انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں عوام ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں امید ہے کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے جتنا ممکن ہوسکا شہر کو صاف ستھرا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امجد صابری شہید کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، قبل ازیں ضلعی میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ یہاں متوسط طبقے کے افراد رہائش پذیر ہیں انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس ڈسپنسری کی اوپی ڈی سے تقریباً 200 افراد یومیہ استفادہ کرسکیں گی

متعلقہ عنوان :