یوبی جی نے ہمیشہ صحیح معنوںمیں بزنس کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا، حکومت کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کرائی، میاں محمد ادریس

بدھ 14 دسمبر 2016 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر وچیئرمین ستارہ کیمیکل انڈسٹریز، سابق صدرایف پی سی سی آئی میاں محمد ادریس نے ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی اراکین کے اعزاز میں گزشتہ روزعشائیہ دیا جس میں فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا، شیخوپورہ، اوکاڑہ، وہاڑی اور خانیوال کے ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی کے ممبران، چیمبر کے صدور، ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور بزنس رہنمائوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

میاں محمد ادریس نے اس موقع پر کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گرو(یوبی جی) نے ہمیشہ صحیح معنوںمیں بزنس کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا اور حکومت کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دوسال میں ایف پی سی سی آئی کے معاملات کو بہتر بنانے میں عہدیداران نے توقعات سے بھی بڑھ کر کام کیا جبکہ میں نے یو بی جی کی جانب سے فیڈریشن چیمبر میں پہلے کامیاب صدر کی حیثیت سے نہ صرف مالی معاملات کو قابو میں کیا بلکہ ہم نے حکومت اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان ایک مضبوط برج کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

فیڈریشن الیکشن 2017کیلئے یو بی جی کے نامزد کردہ امیدوار برائے سینئرنائب صدر عامر عطاء باجوہ اور میدوار برا ئے نائب صدرمنظورالحق ملک نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب سے صدارتی امیدوار زبیر طفیل نے اپنے ٹیلیفونک خطا ب میں کہا کہ وہ صدر منتخب ہونے کے بعد بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل سننے کے لیے بذات خود تمام چیمبرز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کا دورہ کرینگے اور جوکامیابیاں میاں محمدادریس اور عبدالرئوف عالم اور ان کی ٹیم نے فیڈریشن کے معاملات کو بہتر بننے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کیلئے حاصل کیں ہم انہیں اسی تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔اس موقع پر تمام شرکاء نے میاں محمد ادریس کی قیادت میں یو بی جی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔