انسانی وسائل پیدا کئے بغیر سی پیک سے فوائد حاصل نہیں کئے جا سکیں گے، ڈاکٹر نظام الدین

بدھ 14 دسمبر 2016 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) چیئرمین پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا ہے کہ ملک میں انسانی وسائل پیدا کئے بغیر سی پیک سے فوائد حاصل نہیں کئے جا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 4 ہزار پی ایچ ڈی اساتذہ کی کمی ہے وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام پہلی کانفرنس آن بینکنگ ، انشورنس اینڈ بزنس مینجمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران،پرنسپل ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عبدالباسط ، فیکلٹی ممبران ، محققین اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے اور یہ پولیٹیکل اکنامک انٹرپرائز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیاں اور دیگر ادارے اس پر صحیح انداز میں کام نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہمیں تیاری کرنی چاہئے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنا سی پیک منصوبے کے راستے میں ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی وہ ہتھیار ہو گا جو اس خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے استعمال ہو گا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عبدالباسط نے کہا کہ ملکی معیشت کو لاء اینڈ آرڈر، گڈ گورننس، سیاسی عدم استحکام ، دہشت گردی اور منصوبوں اور بہترین پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونا جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے ہونے والی تجارت کا حجم آئندہ 10 سالوں میں اڑھائی ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ داروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور گوادر کی مارکیٹنگ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے جغرافیائی محل ِ و قوع کا بہترین استعمال یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے مابین مربوط تعلقات کے قیام کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان نے کہا کہ ہیلی کالج کی 90 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحقیقی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس اپنے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد متعلقہ شعبوں میں ہونے والی جدید تحقیق سے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنا ہے اور ایک دوسرے کے تحقیقی کام سے استفادہ کرنا ہے۔ بعد ازاں مہمانانِ خصوصی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :