پیپلزپارٹی کا دبئی میں اہم اجلاس (کل) ہوگا ،ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے پیش نظر بعض اہم سیاسی فیصلے متوقع

صوبائی کابینہ میں قانون ،اطلاعات ،معدنی وسائل اور مذہبی امور کے مشیروں کی جگہ پارلیمانی سیکرٹریز مقرر کیے جائینگے ،ذرائع

بدھ 14 دسمبر 2016 20:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) ملک کی آئندہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے اپنے نئے سیاسی لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے ، پارٹی کے دوسرے اہم رہنمابھی وہاں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت جمعرات کو دبئی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے بعض اہم سیاسی فیصلوںکی توقع ہے۔

اجلاس میںشرکت کے لئے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور منگل کو ہی کراچی سے دبئی چلے گئے تھے جبکہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پہلے سے دبئی میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پارٹی کے کئی دوسرے اہم رہنما جمعرات کو اجلاس سے قبل دبئی پہنچ جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے باخبر زرائع کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر ہونے والی حالیہ اہم تبدیلیوں کے تناظر میں پیپلز پارٹی کے دبئی اجلاس کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے ماہ رواں کے اختتام پر شروع کی جانے والی مجوزہ احتجاجی تحریک، سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 27دسمبر کو منائی جانے والی برسی، اس کے انتظامات اور سابق صدر کی وطن واپسی جیسے اہم اور کلیدی سیاسی امور پر پیپلز پارٹی حتم کی جانب سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی معاملات اور حکومت سندھ کی موجودہ کارکردگی اور اسے درپیش چیلنجوں پر بھی غور و خوض کیا جائے گا ۔

پارٹی اور حکومت سندھ کے کئی باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی مشیروں اوروزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی کو محکمے دیئے جانے کے خلاف حال ہی میں جو عدالتی فیصلہ آیا ہے اس نے حکومت سندھ کی مشکلات بڑھادی ہیں اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت عدالتی احکامات کے پیش نظر اب غیر منتخب افراد کے بجائے کابینہ میں منتخب ارکان سندھ اسمبلی کو زیادہ نمائندگی دینے کی تجویز پر غور کررہی ہے اس لئے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ دبئی اجلاس میں سندھ کابینہ میں ممکنہ طور پربعض تبدیلیوں پر بھی غور کیا جائے گا او پیپلز پارٹی کے چند منتخب ارکان سندھ اسمبلی کی وزارتوں کے حوالے سے قسمت چمک سکتی ہے اس حوالے سے شکار پور سے حالیہ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے ایم پی اے امتیاز احمد شیخ اور نوابشاہ سے پی پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی سید فصیح شاہ کے بھی نام لئے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے بعد سے اب تک کئی مرتبہ سندھ کابینہ میں ردو بدل ہوتا رہا ہے اور پیپلز پارٹی نئی صورتحال میں ایک مرتبہ پھر کابینہ میں ردو بدل کی تجویز پر غور کررہی ہے تاکہ عدالتی احکامات کی پاسداری کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے مخالفین کی تنقید کو بھی روکا جاسکے جو غیر منتخب مشیروں اور معاونین خصوصی کو محکمے الاٹ کئے جانے کے خلاف تنقید کرتے رہے ہیں۔

دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جو خاصے عرصے سے بیرون ملک قیام پزیر ہیں ، گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک کی کئی اہم سیاسی شخصیات سے متواتر رابطوں اور مشاورت میں مصروف رہے ہیں تاکہ قومی سیاست میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں پیپلز پارٹی کی ہائی کمان درست سیاسی فیصلے کرسکے ۔ سابق صدر نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے دبئی میں کم از کم تین مرتبہ اہم ملاقاتیں کی ہیں اور آصف علی زرداری کی معاونت کے لئے سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :