پاکستانی کرکٹرز وہاب ریاض اور یاسرشاہ پریکٹس سیشن کے دوران الجھ پڑے

واقعہ معمولی تھا، دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے معذرت کر لی ہے، اس سے ٹیم کی یونیٹی اور کارکردگی متاثر نہیں ہو گی، ٹیم انتظامیہ

بدھ 14 دسمبر 2016 20:32

پاکستانی کرکٹرز وہاب ریاض اور یاسرشاہ پریکٹس سیشن کے دوران الجھ پڑے
برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستانی کرکٹرز وہاب ریاض اور یاسر شاہ پریکٹس سیشن کے دوران آپس میں الجھ پڑے، کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ نے مداخلت کر کے بیچ بچائو کرایا اور دونوں کو گرائونڈ سے باہر بھجوا دیا۔ واقع کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے معذرت کی اور کہا کہ کھیل میں اسطرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرنا غلط ہے، ہم دونوں اچھے دوست ہیں اور کینگروز کے خلاف سیریز میں بھرپور انداز میں حصہ لیں گے۔

بدھ کو برسبین میں کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاری کے سلسلے میں گرین شرٹس کا پریکٹس سیشن جاری تھا کہ اسی دوران فٹ بال کھیلتے ہوئے وہاب ریاض اور یاسرشاہ آپس میں الجھ پڑے، اس سے پہلے کہ معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتا وہاں موجود دیگر کھلاڑیوں اورٹیم انتظامیہ نے مداخلت کر کے بیچ بچائو کرایا اور دونوں کو گرائونڈ سے باہر بھیج دیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معمولی واقعہ تھا اور کھلاڑیوں کے درمیان ایسا ہو جاتا ہے ، اس کا ٹیم کی یونیٹی اور کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینجر امجد حسین بھٹی نے کہا کہ واقع پر دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے معذرت کر چکے ہیں اور دونوں نے اس بات کو بھی تسلیم کر لیا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا تاہم جو ہوا انہیں اس پر ندامت ہے اور مستقبل میں ایسی حرکات سے باز رہیں گے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے دونوں کھلاڑیوں کو اپنی توجہ آسٹریلیا کے خلاف میچ پر مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کپتان نے بھی دونوں کھلاڑیوں کو معاملہ ختم کرنے کی تلقین کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا آپس میں الجھنے کا یہ پہلا واقع نہیں اس سے قبل ماضی میں بھی کھلاڑیوں کے درمیان پریکٹس سیشن کے دوران آپس میں لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں، 2003ء میں ورلڈکپ کے دوران انضمام الحق اور یونس خان جبکہ 2007ء میں شعیب اختر اور محمد آصف بھی آپس میں الجھ پڑے تھے۔

متعلقہ عنوان :