حاجی محمد عدیل مرحوم نے حق کی خاطر استقامت سے جبر کے خلاف جدوجہد کی، اسفندیار ولی

بدھ 14 دسمبر 2016 19:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2016ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ حاجی محمد عدیل کی وفات اور بشیر احمد بلور کی شہادت اے این پی کیلئے ناقابل تلافی نقصانات ہیں جن کا ازالہ صدیوں میں بھی ممکن نہیں ،حاجی محمد عدیل پارٹی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہو سکتا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں حاجی محمد عدیل مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے جبکہ مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور اور افراسیاب خٹک سمیت حاجی محمد عدیل کے بیٹے نے بھی خطاب کیا ، مقررین نے مرحوم کی سیاسی زندگی اور جمہوریت کیلئے ان کی قربانیوں کا ذکر کیا اور شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ، اسفندیار ولی خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں ترمیم کی منظوری میں جو کردار حاجی محمد عدیل مرحوم نے ادا کیا وہ تاریخ کا انمٹ باب ہے،انہوں نے کہا کہ مرحوم پارٹی پالیسیوں پر تادم مرگ کاربند رہے اور اپنی کاوشوں سے صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے دن رات کوششیں کیں جن کے ثمرات اے این پی کے دور میں عوام تک بھی پہنچے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی خدائی خدمت گار تحریک کی تسلسل جماعت ہے جس نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے حقوق اور ان کے تحفظ کو اپنا مشن بنائے رکھا اور مرحوم حاجی محمد عدیل اس مشن کی سرپرستی کرتے رہے، مرکزی صدر نے کہا کہ حاجی عدیل ایک ایسے انسان کے فرزند تھے جنہوں نے انگریز سامراج کے خلاف بھر پور جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

اور وہ بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باچا خان بابا کی تحریک کا سپاہی بن کر پوری زندگی اُسی میں گزار دی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل کا انتقال قوم کے لئے بڑا نقصان ہے ۔ اُنہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1988 میں عوامی نیشنل پارٹی سے کیا۔وہ 1993 میں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ اور بعد میں ڈپٹی سپیکر بھی رہے 2008 کے عام انتخابات میں ایم این اے منتخب ہونے کے بعدمیں نے سینیٹ کی نشست اُن کیلئے خالی کر دی اور وہ ایوان بالا کا حصہ بن گئے۔

2009 میں وہ دوبارہ چھ سال کیلئے سینٹر منتخب ہوئے اور 2015 میں سینٹ کی رکنیت سے ریٹائر ہوئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے اہم عہدے رکھنے کے باوجود حاجی محمد عدیل کا دامن بے داغ رہا ۔اُنہوں نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ اور بجلی منافع کے بقایا جات کے علاوہ 18 ویں ترمیم میں بھی نہایت ہی اہم اور متحرک کردار ادا کیا۔با کردار ، بااصول حاجی محمد عدیل مرحوم نے حق کی خاطر استقامت سے جبر کے خلاف جدوجہد کی۔اُنہوں نے کہا کہ حاجی عدیل مرحوم جیسے حقیقی سیاسی رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔ حاجی محمد عدیل مرحوم جمہوری جدوجہد کے ہیرو تھے ۔ ان کی مسلسل جدوجہد سیاست کے میدان میں مشعل راہ ہے ۔