آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی وفاقی وزیر اُمور کشمیر سے ملاقات

محمدنواز شریف کا آزادکشمیر سے رشتہ خلوص اور محبت پر مبنی ہے ،آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے تاریخی اقدامات کررہے ہیں، برجیس طاہر بھارتی رہنمائوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہوئے بغیر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر امور کشمیر

بدھ 14 دسمبر 2016 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر رائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف کشمیر کے عوام سے بے پناہ لگائو رکھتے ہیں اور اُن کا کشمیر سے رشتہ خالصتاً محبت اورخلوص پر مبنی ہے ۔انہوں نے یہ بات آج آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی معاشی صورت حال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے حوالے سے تاریخی اقدامات کر رہے ہیں اُن کی خواہش ہے کہ انتخابات کے موقع پر آزادکشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوںسے کئی گنا آگے بڑھ کر آزادکشمیر میں تعمیراتی کام کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے گزشتہ دنوں آزادکشمیر کی مالی مشکلات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس طلب کیے اور ہدایت کی کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور پر عمل در آمد کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ محمد نواز شریف جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا کرکے دکھاتے ہیں اوروعدوں کی تکمیل کے اسی خاصے اور ترقی کے وژن کی وجہ سے آزادکشمیر کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے کامیاب کروایا۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے اس اعتماد کا بھر پورا احترام کیا جائے گا اور دیگر ملک کی طرح آزادکشمیرمیں بھی مستحکم اور دیر پا معاشی ترقی کی جلدداغ بیل ڈالی جائے گی۔آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے اس موقع پر وفاقی وزیر کو آزادکشمیر کی مجموعی معاشی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمدنواز شریف کی ہدایت اور وژن کے مطابق آزادکشمیر کی حکومت گڈگورننس کے اُصول پر سختی سے کاربند ہے اور حکومت کے تمام اداروں میں کفاعت شعاری اور میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حید ر کی قیادت میں آزادکشمیر حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون اور دلچسپی کے معترف ہیں۔ انہوں نے ایل او سی کی تازہ ترین صورت حال سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور کہا کہ غیور اور بہادر کشمیری عوام بھارتی اشتعال انگیزی کاڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی عوام بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی فوج کی اشتعال انگزی اور بھارتی رہنمائوں کی جانب سے ہر زہ سرائی سے مرعوب ہوئے بغیر کشمیری عوام کی سفارتی ،اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھی جائیگی۔