ن )لیگ کی حکومت تیزی سے مقبولیت کھو رہی ہے ،ْ 2017 انتخابات کا سال دکھائی دے رہا ہے ،ْ شاہ محمود قریشی

سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی آئندہ سماعت کے درمیان کے وقفہ میں ہم اپنا نکتہ نظر عوام کے سامنے رکھیں گے ،ْ میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ (ن )لیگ کی حکومت تیزی سے مقبولیت کھو رہی ہے اور انہیں 2017 انتخابات کا سال دکھائی دے رہا ہے۔اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم کی باتوں میں تضاد سے پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح ہوا ہے جس پر ہم نے تحریک جمع کرائی ، ہم پاناما لیکس کے معاملے پر وضاحت چاہتے ہیں کہ حکومت کا موقف کیا ہے جو عدالت میں کہا گیا یا جو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکمت عملی طے کرنے کے امکانات موجود ہیں اور خورشید شاہ سے رابطہ بھی ہوا ہے ،ْ ہوسکتا ہے ملاقات ہوجائے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاؤں اکھڑچکے ہیں ، حکومت تیزی سے مقبولیت کھو رہی ہے اور انہیں 2017 انتخابات کا سال دکھائی دے رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی آئندہ سماعت کے درمیان کے وقفہ میں ہم اپنا نکتہ نظر عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف اندازمیں جلسے اوررابطہ مہم چلائیں گے، ہم ملک کے پڑھے لکھے طبقے سے رجوع کریں گے، اس کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے تحریک انصاف کا پروفیشنل فورم رابطہ کریگا۔