یوایس ایڈ ‘‘کرم تنگی ڈیم’’ منصوبے کیلئے 81 ملین ڈالر دے گا ،ْواپڈا اور یوایس ایڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط

کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی تکمیل سے سولہ ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی ،ْامریکی سفیر منصوبے کی تکمیل سے فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی، حکومت دیامر بھاشا، داسو اور کرم تنگی سمیت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے ،ْ خواجہ آصف

بدھ 14 دسمبر 2016 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) واپڈا اور یو ایس ایڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے بعد یوایس ایڈ ‘‘کرم تنگی ڈیم’’ منصوبے کیلئے 81 ملین ڈالر دے گا۔بدھ کو واپڈا اوریوایس ایڈ کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے، معاہدے پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین اور یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گروکے نے دستخط کئے، تقریب میں وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے ۔

معاہدے کے مطابق یو ایس ایڈ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے لئے 81 ملین ڈالر دے گا اور اس رقم سے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے 16 ہزارایکڑ اراضی سیراب ہوگی جب کہ 18 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور لاکھوں پاکستانیوں کی زندگی میں بہتری کے مشترکہ اقدامات کو تقویت ملتی ہے۔

کیتو بند کرم تنگی ڈیم منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے۔ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی تکمیل سے سولہ ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی اور اٹھارہ میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی، جس سے ایک لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے۔ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت دریائے کیتو پر بند، شیرٹالا اور اسپیراگا نہروں، دو بجلی گھروں اورایک ٹرانسمیشن لائن، تعمیراتی اور آپریشنل اسٹاف کے لئے رہائشی سہولتوں اور ڈیم کی تعمیر اور اسے چلانے کی سرگرمیوں کے لئے ایک دفتر کی تعمیر میں اعانت کے لئے واپڈا کو فنڈز منتقل کئے جائیں گے۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 2009سے اب تک امریکی حکومت نے پاکستان کے بجلی کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے 53 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے، جس سے دو کروڑ 80 لاکھ پاکستانی مستفید ہوئے ہیں اور نیشنل گرڈ میں 2400 میگاواٹ سے زیادہ بجلی کا اضافہ ہوا ہے۔ اس مجموعے میں نئے اور بحال شدہ ڈیموں اور تھرمل بجلی گھروں سے 1013 میگاواٹ اور بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں بہتری سے حاصل ہونے والی 1447 میگاواٹ بجلی شامل ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم پر امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے اہم ہے، منصوبے کی تکمیل سے فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی، حکومت دیامر بھاشا، داسو اور کرم تنگی سمیت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے تھرمل بجلی پر انحصار کم ہو گا اور سستی بجلی میسر ہوگی جب کہ وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں سے عسکریت پسندی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :