شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے بہادر بیٹے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو وزیراعظم پاکستان بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 14 دسمبر 2016 16:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے بہادر بیٹے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو وزیراعظم پاکستان بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔2018پیپلزپارٹی اور جیالوں کی فتح کا سال ثابت ہو گا 27دسمبر کو شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 10ویں برسی کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کے بیس کروڑ عوام کیساتھ تاریخی خطاب میں اپنا واضح اور دو ٹوک موقف عوام کی عدالت میں لائیں گے پاکستان کے چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان ،آزاد جموں وکشمیر ،مقبوضہ جموں کشمیر اور بیرون ممالک میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ملکی و بین الاقوامی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما چیئرمین جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے عوام کیلئے ایک نئی صبح کی امیدلیکر آئیں ہیں ان کی قیادت میں پاکستانی عوام کو انکے حقیقی حقوق دلانے اور پاکستان میں صاف و شفاف نظام کو قائم کر ینگے بلاول بھٹو زرداری نے ضیاء باقیات اور مودی کے یاروں کیخلاف جو جہاد شروع کر رکھا ہے اس کو پایا تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اپنے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں تاریخ ساز فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پاکستان کے چاروں صوبوں ، آزاد جموںوکشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت بنائیں گے ۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہاکہ شہید جمہوریت دختر مشرق پاکستان کی سابق وزیر اعظم پیپلزپارٹی کی شریک چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹوکا 9واں یوم شہادت 27دسمبر کو آزادکشمیر ،مقبوضہ کشمیر ،پاکستان اور بیرون ممالک لاکھوں کارکنان انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائیں گے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ملکی اور بین الاقوامی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قومی تقریبات منعقد ہوں گی پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان امت مسلمہ کی پہلی مسلمان خاتون وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بھٹو خاندان نے قوم ملک اور جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیںپیپلز پارٹی اور بھٹو ازم صدیوں تک زندہ رہے گا شہید رانی بے نظیر بھٹو نے ملک ،قوم اور جمہوریت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ پاکستان و آزاد کشمیر کے مظلوم طبقات کو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدنے ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا بھٹو ازم کا پرچم تھامنے والے ایک برادری کی مانند ہیں شہداء کا یہ قافلہ آمروں ، غاصبوں اور جابروں کے ساتھ ہمیشہ برسر پیکار رہے گا شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے رہیں گے کوئی آمر اور طالع آزماعوامی دلوں سے پی پی پی اور بھٹو ازم کی محبتنہیں نکال سکتا ۔