پاکستان اسلامی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا ، اگر نظام مصطفیؐ نافذ ہو جاتا تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا ،عبدالرشید ترابی

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کو متحد ،نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے وابستہ رکھنے کیساتھ سید علی گیلانی کے دست راست بن کر اپنا کردار ادا کر رہی ہے ہم شہداء کے خون کے مقروض ہیں ، حق و باطل کے درمیان کشمکش فائنل مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

بدھ 14 دسمبر 2016 16:23

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا ، اگر نظام مصطفی نافذ ہو جاتا تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا اور کشمیر کا آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بن چکا ہوتا، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے پاکستان کو متحد رکھنے ، نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے وابستہ رکھنے کے ساتھ ساتھ سید علی گیلانی کے دست راست بن کر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

شہداء کے خون کے ہم مقروض ہیں ، حق و باطل کے درمیان کشمکش فائنل مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، حلب کا قتل عام قابل مذمت ہے امت مسلمہ کے حکمرانوں نے شام ، عراق ، یمن ، افغانستان ، کشمیر اور فلسطین میں بہنے والے خون ناحق روکنے کے اقدامات نہ کیے تو الله کا عذاب مسلط ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام میگا ایجوکیشن ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ناظم کشمیر راجہ آفتاب سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پوری امت کا اثاثہ ہے ، جمعیت نے تعلیم کے رول کو بحال کرنے کے لیے شاندار خدمات سر انجام دی ہیں ، ہمارے سابق حکمرانوں نے محکمہ تعلیم کو سیاسی اکھاڑہ بنا کر اس کا بیڑا غرق کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جن مقاصد کے لیے پاکستان معرض وجود میںآیا اور جن مقاصد کے لیے کشمیر کے بہادر لوگوں نے یہ خطہ آزاد کرایا وہ مقاصد ابھی تشنہ ہیں ۔

اسلام سے بے وفائی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان دو لخت ہوگیا اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن کر ہندوستان کی کالونی بن چکا ہے۔ 16دسمبر کا دلخراش سانحے سے ہم نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ۔1940ء میں قرارداد پاکستان پیش کرنے والے بنگالی کیسے ہم سے متنفر ہونے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کاحل اور دنیا میں عزت کا راستہ یہ ہے کہ ہم یہاں الله کا دیا ہوا نظام نافذکریں ، عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ اور ملک ہی باقی رہ سکتا ہے اور ترقی کر سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہندوستان اور اس کی افواج پیلٹ گنوں کے ذریعے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر رہی ہیںانہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان آگے بڑھ کر نوجوانوں کو مغربی تہذیبی یلغار سے محفوظ بنائیں اپنی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کریں ، نوجوانوں کو تعلیم ، تربیت اور تزکیے کے ذریعے تبدیلی کے لیے تیار کریں ۔ مغربی تہذیبی یلغار کا اصل ہدف ہمار ے نوجوان ہیں ان کو بے راہ روی کی طرف دھکیلنے کا ایک پورا ایجنڈا ہے جس پر مغرب اپنے وسائل کے ساتھ لگا ہوا ہے ان حالات میں اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی واحد تنظیم ہے جو نوجوانوں کی سیرت و کردار کی تعمیر کر رہی ہے ۔