تاجدار عربؐ کا دنیا میں آنا اللہ کریم کا انسانیت پر احسان عظیم ہے ‘مخلوق حضرت محمد مصطفی ؐ کا میلاد پاک منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی ‘اس لیے ہمیں خوشیوں سے بڑھ کر آقائے دو جہاں ؐ کی ولادت کی خوشی منانا چاہیے

صدر میاں محمد بخش سوسائٹی آزادکشمیر کے ڈی چوہدری کا جلسہ سے خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 16:14

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) صدر میاں محمد بخش سوسائٹی آزادکشمیر کے ڈی چوہدری نے کہا ہے کہ تاجدار عربؐ کا دنیا میں آنا اللہ کریم کا انسانیت پر احسان عظیم ہے مخلوق حضرت محمد مصطفی ؐ کا میلاد پاک منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی اس لیے ہمیں خوشیوں سے بڑھ کر آقائے دو جہاں ؐ کی ولادت کی خوشی منانا چاہیے کیونکہ دنیا کی کوئی قوم ایسی نہیں جو اپنے پیغمبر کا یوم ولادت شایان شان طریقے سے نہ مناتی ہو ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے ولادت مصطفی ؐ کے منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پائلٹ ہائی سکول میرپور کے سینکڑوں طلبہ کے علاوہ سکول کے صدر معلم چوہدری محمد عجائب اور اساتذہ بھی موجود تھے ۔ سکول کے ایک طالب علم عبدالقدوس نے نعت پڑھی اور ایک مدرس قاری عمران نے خطاب بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ربیع النور آپ ؐ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے ۔

حضور ؐ کی ولادت کے ساتھ ہی دنیا میں آپ ؐ کے نور انور سے جہاں پوری کائنات منور ہوئی وہاں دنیا کے سربراہان حکومت بادشاہان وقت کے تخت و تاج زمین پر آگرے اور ظلم و بربریت کی صدیوں پرانی روایات اپنی موت آپ مر گئیں ۔ فارس کا ایک ہزار سال سے روشن کدہ ہمیشہ کیلئے بجھ گیا دریائے ساوہ جس میں لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ پھینکتے اور بتوں کے سامنے چڑھاوئے پیش کرتے تھے یک لخت خشک ہو گیا ۔

کے ڈی چوہدری نے کہا کہ جشن عیدمیلاد النبی ؐ مناتے ہوئے ہمیں حضور کی سیرت پر عملدرآمد کر کے ایک اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا چاہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوئی اور قوم آزادی کے وقت سے مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے کہ بلاتاخیر نظام مصطفی ؐ نافذ کیاجائے کیونکہ ہمارے تمام مسائل کا واحد حل قرآن و سنت ؐ کے احکام پر عملدرآمد میں ہی مضمر ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ہم آج جشن عید میلاد النبی ؐ کی باسعادت گھڑی اس عہد کی تجدید کر رہے کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پاکستان کا دفاع حصار ہے ہم یہ عہد بھی کرنے کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے تحفظ و سلامتی کیلئے کسی بھی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ کشمیر کے پہاڑ پاکستان کی سلامتی کے ضامن ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ہم مسلح افواج پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور نئے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ جنرل راحیل شریف کی روایات برقرار رکھتے ہوئے پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے ۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ انٹر نیٹ موبائل کا غلط استعمال ترک کر کے تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کر کے ہر شعبہ زندگی میں سیرت رسول ؐ سے رہنمائی حاصل کریں ۔

متعلقہ عنوان :