کشمیر متنازعہ خطہ ہے ‘یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے ‘ ہندوستان کو بھی اپنا غیر اصولی مؤقف ترک کر کے کشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کرنا ہو گا‘ 70برس سے زائد عرصہ بیت چکا ہے لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر اس کے حل کی طرف عالمی سطح پر کوئی توجہ نہ دی دی گئی

جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین و سینئر رہنماء آل پارٹیزحریت کانفرنس مختار وازاکا عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 14 دسمبر 2016 16:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چئیرمین و سینئر رہنماء آل پارٹیزحریت کانفرنس کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبر مختار وازانے کہا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے ۔ ہندوستان کو بھی اپنا غیر اصولی مؤقف ترک کر کے کشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کرنا ہو گا۔ 70برس سے زائد عرصہ بیت چکا ہے لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر اس کے حل کی طرف عالمی سطح پر کوئی توجہ نہ دی دی گئی ۔

ہندوستان کی ہٹ دھرمی اور مسئلہ کی حقیقت کو تسلیم نہ کرنا ہی بنیادہ وجہ ہے ۔ ہندوستان جس طریقہ اور حربے کے ذریعے مسئلہ کی اہمیت ختم کرنے کی کوشش میں ہے اس میں اسے 70سال بیت چکے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

کشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرنا ہو گا تبھی حل کی جانب قدم بڑھیں گے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ ہی ہندوستان اور پاکستان میں امن و خوشحالی کی ضمانت دی جا سکتی ہے ۔

ہندوستان کی ایک ارب سے زائد کی آبادی بدترین مسائل کا شکار لیکن بھارت سرکار کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کر اپنا مقصد حاصل کرنے کی ناکام کو شش کر رہی ہے ۔ انسانی حقوق کا عالمی دن منانے والے اس دن کو انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا دن منائیں ۔ کشمیر میں نصف صدی سے عوام کو بنیادی انسانی حقوق میسر نہیں ہیں ۔ بھارت کی قابض فوج نے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کیں اور اس وقت تک جاری ہیں ۔

اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کس بنیاد پر انسانی حقوق کا دن منا رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے دن بدن سازشیں ، نئے نئے ہتھکنڈے اور حربے اختیار کر کے معصوم شہریوں پر ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے اور انسانی حقوق سلب ہو چکے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارجموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چئیرمین و سینئر رہنماء آل پارٹیزحریت کانفرنس کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبر مختار وازانے معروف کشمیری صحافی ہلال زرگر کے گھر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینئر حریت لیڈر نے کہا کہ ہندوستانی فورسزحق خود ارادیت کے حصول کے لیے جاری اس تحریک کو دبا نہیں سکتیں ۔ جب منزل کے حصول تک جدو جہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں ۔ کشمیری اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے اور ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے ہر دم تیار ہیں ۔ ہندوستانی فورسز ہمارے جوانوں کو شہید کر کے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ۔