انسداد پولیو مہم میں 15 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کر لیا

کارکردگی کا موجودہ معیار برقرار رکھا جائے،کمشنر کراچی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت کراچی کی 99 یونین کونسلوں میں ہونے والی گذشتہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے مہم کی کارکردگی کو متفقہ طور پر سراہا۔ مہم میں 15 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جو مربوط کوششوں سے حاصل کر لیا گیا۔

اجلاس نے مہم کو کامیاب قرار دیا۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر فیاض جتوئی اور عالمی پارٹنرز کے نمائندوں نے انسداد پولیو مہم کی کارکردگی پر ٹائون ہیلتھ افسران، پولیو ٹیموں اور پولیس و رینجرز سمیت متعلقہ تمام افسران اور رضا کاروں کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے ٹیم ورک کی بہترین مثال قرار دیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ حالیہ مہم میں خا ص طور پر حساس یونین کونسلوں کو ہدف بنایا گیا تھا اور ان کونسلوں میں اچھے نتائج انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اچھی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مربوط کوششوں سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، امید ہے کہ تمام متعلقین پولیو کے خاتمہ تک اپنی کوششیں اسی طرح خدمت کے جذبہ اور سخت محنت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینٹر فیاض جتوئی نے اجلاس میں کہا کہ خاص طور پر کمشنر کراچی کی قیادت، ڈپٹی کمشنرز کی سخت محنت اور انتظامی رابطہ کی کوششوں اور مانیٹرنگ نے مہم کو نتیجہ خیز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کوآرڈینٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ کراچی میں پہلی بار عالمی ادارہ صحت کی غیر جانبدارانہ رپورٹ LQAS(Lot quality assurance sampling) کے مطابق کارکردگی کی شرح 96 فیصد رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اب تک کراچی میں ہونے والی انسداد پولیو کی کوششوں کی سب سے اچھی کارکردگی ہے۔ قبل ازیں کراچی ٹاسک فورس کے کوآرڈینٹر ڈاکڑ نصرت علی نے اجلاس کو مہم کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ حکومت جلد از جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے کوششیں کر رہی ہے، امید ہے سب مل کر اسی طر ح کوششیں جاری رکھیں گے تو جلد پاکستان پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلی انسداد پولیو مہم ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں 19 دسمبر سے شروع کی جائے گی، مہم چھ روز جاری رہے گی، کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 دسمبر سے شروع ہونے والی مہم میں 12 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔

اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی، بل گیٹس اینڈ ملنڈا فائونڈیشن کے صوبائی کوآرڈینٹر احمد علی شیخ، محکمہ صحت کے افسران، ٹائون ہیلتھ افسران سیکورٹی انالسٹ کرنل شاہد محبوب، عالمی ادارہ صحت، یونیسف، روٹری کلب کے نمائندے اور پولیس و رینجرز کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :