صدر مملکت ممنون حسین کو 7 ممالک کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کیں

بدھ 14 دسمبر 2016 16:09

صدر مملکت ممنون حسین کو 7 ممالک کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین کوپاکستان میں تعینات ہونے والے سات ممالک کے سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔ایوان صدر میں بدھ کومنعقدہ ایک پر وقار تقریب میںاسناد سفارت پیش کرنے والوں میں یمن، کویت، رومانیہ، مالی، کولمبیا، موریطانیہ اور البانیہ کے سفیر شامل تھے۔اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کو بگھی پرالگ الگ ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیاجہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر متعلقہ ملک اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔اس کے بعد نوتعینات سفیروں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ، خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن وا ستحکام کے لیے ہر ملک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔صدر مملکت نے پاکستان میں تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اسناد سفارت پیش کرنے والے سفیروں میں یمن کے سفیر محمد موتہر السابی، کویت کے نصر عبدالرحمٰن جاثر ال مہوتہری، رومانیہ کے نکولاگویا، مالی کے بوبکر گورو دیال، کولمبیا کے جوہان الفریڈو پینٹو سویڈرا، موریطانیہ کے سیدی محمد لگطاف اور البانیہ کے جینٹی گیزیلی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :